مرزا پور، 12 اکتوبر (ہ س)۔ ہفتہ کی دیر رات ضلع کے لال گنج تھانہ علاقہ کے چیروئیرام گاؤں کے نزدیک وارانسی-ریوا ہائی وے پر ایک نامعلوم ٹرک نے دو بائک سواروں کو کچل دیا۔ حادثے میں دو نوجوان جاں بحق، جب کہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔
اطلاعات کے مطابق کل رات تقریباً 12 بجے تین نوجوان بائک پر چیروئیرام جیلال گاؤں سے کھردا گاؤں جا رہے تھے۔ انہیں مرزا پور سے ریوا جانے والے نامعلوم تیز رفتار ٹرک نے ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ موٹر سائیکل بکھر گئی اور دو نوجوان موقع پر ہی جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی لال گنج پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ مرنے والوں کی شناخت منگلا (38) ولد کنہیا لال اور اشونی عرف سورج (27) ولد کنج بہاری کے طور پر ہوئی ہے، دونوں ننوار جنوبی گاؤں کے رہنے والے ہیں۔ شدید زخمی سریش (27) ولد شیو بابو کو مرزا پور کے ڈویژنل اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں اس کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ حادثے کی خبر سے متوفی کے اہل خانہ میں کہرام مچ گیا۔
اسٹیشن ہاؤس آفیسر ابھے سنگھ نے بتایا کہ نامعلوم گاڑی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ہائی وے پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی جانچ کی جا رہی ہے تاکہ حادثے کے ذمہ دار گاڑی اور ڈرائیور کی شناخت کی جا سکے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی