
جموں, 8 ستمبر (ہ س): جموں میونسپل کارپوریشن کے تین وارڈوں نے صاف ہوا سروے 2026 میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مختلف زمروں میں انعامات حاصل کیے ہیں۔ ان انعامات کے تحت جموں میونسپل کارپوریشن کو مجموعی طور پر 50 لاکھ روپے کی رقم حاصل ہوگی۔مرکزی وزارت ماحولیات، جنگلات و موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے صاف ہوا دن کے موقع پر جاری وارڈ سطح کے نتائج کے مطابق 30 ہزار سے زائد آبادی والے زمرے میں گریٹر کیلاش وارڈ نے پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے 25 لاکھ روپے کا انعام حاصل کیا۔
اسی طرح 10 ہزار سے 30 ہزار آبادی والے زمرے میں نیو پلاٹ وارڈ نے 15 لاکھ روپے جبکہ 10 ہزار سے کم آبادی والے زمرے میں بھگوتی نگر وارڈ نے 10 لاکھ روپے کا انعام حاصل کیا۔صاف ہوا سروے کو اس سال قومی صاف ہوا پروگرام کے تحت وارڈ سطح تک توسیع دی گئی ہے۔ سروے کا مقصد آلودگی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ مختلف وارڈوں کے درمیان صاف ہوا اور بہتر ماحولیاتی انتظام کے حوالے سے صحت مند مسابقت پیدا کرنا ہے۔
سروے کے دوران سڑکوں سے اٹھنے والی گرد و غبار پر قابو پانے، ٹھوس کچرے کے بہتر انتظام، تعمیراتی اور انہدامی کچرے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے، گاڑیوں سے ہونے والی آلودگی پر قابو پانے اور صنعتی آلودگی میں کمی جیسے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
جموں میونسپل کارپوریشن کے کمشنر ڈاکٹر دیوانش یادو نے کامیابی پر شہریوں کو مبارکباد دیتے ہوئے صفائی برقرار رکھنے میں تعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ صاف جموں اور بہتر فضائی معیار کے لیے ہر شہری کا کردار اہم ہے۔ ان کے مطابق انعامی رقم کو وارڈ سطح پر مؤثر اور پائیدار ماحولیاتی اقدامات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر