
ہاسٹل میں آٹھ سالہ طالبہ کی مشتبہ حالات میں موتسپول، 7 ستمبر (ہ س)۔ ضلع کے گورو گڑھ میں پیر کے روز ایک پرائیویٹ اسکول کے ہاسٹل میں آٹھ سالہ طالب علم کی مشتبہ حالات میں موت سے سنسنی پھیل گئی۔ مرنے والے کی شناخت مراونا تھانہ علاقہ کے پار ی کوچ کے رہنے والے شیو شنکر یادو کے آٹھ سالہ بیٹے پریانشو کمار کے طور پر کی گئی ہے۔ پریانشو شانوی پبلک اسکول میں پہلی جماعت کا طالب علم تھا اور اسکول کے ہاسٹل میں رہتا تھا اور پڑھتا تھا۔ اطلاعات کے مطابق پیر کے روزپریانشو مشتبہ حالات میں اسکول ہاسٹل کی چھت پر پھندے سے لٹکا ہوا پایا گیا۔
اطلاع ملنے پر اسکول کے عملے نے اسے نیچے اتارا۔ بتایا گیا کہ اس وقت وہ سانس لے رہے تھے۔ اسکول کا عملہ اسے علاج کے لیے سپول کے ایک پرائیویٹ اسپتال لے گیا، لیکن راستے میں ہی اس کی موت ہوگئی۔ پہنچنے پر ڈاکٹر نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پریانشو کے اہل خانہ اسپتال پہنچے۔ بچے کی موت کی خبر سنتے ہی اہل خانہ میں کہرام مچ گیا۔ خاندان صدمے اور غم کی کیفیت میں ہے۔
متوفی کے اہل خانہ نے پریانشو کی موت کو خودکشی ماننے سے انکار کردیا۔ ان کا الزام ہے کہ بچے کے چہرے پر زخموں کے متعدد نشانات ہیں۔ متوفی کے والد شیو شنکر یادو کا الزام ہے کہ ان کے بیٹے کا قتل کیا گیا اور پھر پھانسی دی گئی۔ انہوں نے پولیس انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی صدرتھانہ اور ایس ڈی پی او جائے وقوعہ پر پہنچے اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ معاملہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ایف ایس ایل ٹیم کو بھی طلب کرلیا گیا جس نے جائے وقوعہ سے ضروری شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیئے۔
واقعہ کے بعد سپول ایس پی شرتھ آر ایس بھی جائے وقوعہ پر پہنچے اور پورے معاملے کی جانکاری حاصل کی۔ ایس پی نے بتایا کہ واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے۔ تحقیقات کے دوران سامنے آنے والے حقائق کی بنیاد پر قصورواروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ فی الحال پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ طالب علم کی موت خودکشی تھی یا اس کے پیچھے کوئی اور وجہ تھی، یہ پولیس تفتیش اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی سامنے آئے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan