
سنبھل، 6 ستمبر (ہ س): اترپردیش کے سنبھل ضلع کے بہجوئی کوتوالی علاقے میں اتوار کو ایک سڑک حادثہ پیش آیا۔ ٹرک سے ٹکر کے نتیجے میں ٹیمپو میں سوار چار افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور انتظامی اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور راحت اور بچاؤ کا کام شروع کیا۔
ٹیمپو میں تقریباً آٹھ سے نو افراد سوار تھے۔ اطلاعات کے مطابق چار افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے بہجوئی کے سرکاری اسپتال لے جایا گیا۔ تشویشناک حالت میں ایک شخص کو بعد میں سنبھل ریفر کر دیا گیا۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) وکاس چندر ترپاٹھی نے بتایا کہ مسافروں کو لے کر ایک ٹیمپو بہجوئی-چندوسی سڑک پر سفر کر رہا تھا۔ اسی وقت کچھ لوگ ای رکشہ میں آ رہے تھے اور مخالف سمت سے ایک ٹرک آ رہا تھا۔
ای رکشہ سے بچنے کی کوشش میں ٹیمپو بجری سے لدے ٹرک سے ٹکرا گیا۔ ٹرک بھی تصادم سے بچنے کی کوشش میں کنٹرول کھو بیٹھا اور الٹ گیا۔ حادثے میں چار افراد جاں بحق، زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایس پی نے مزید کہا کہ پولیس نے اب متوفی کی شناخت کا عمل شروع کر دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد