
قنوج، 5 ستمبر (ہ س)۔ اتر پردیش کے قنوج ضلع میں جمعہ کی رات دیر گئے نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر ایک ہی بائک پر سوار تین دوست ہلاک ہوگئے۔ تینوں نوجوان اپنے دوستوں کے ساتھ گورسہائے گنج شہر میں جنماشٹمی کا جلوس دیکھنے آئے تھے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ واپس جا رہے تھے۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ان کی ناگہانی موت پر تعزیت کا اظہار کیا۔
گورسہائے گنج تھانہ علاقہ کے بیسن پوروا گاو¿ں کے رہنے والے انوراگ (18)، کرشنا (15) اور آشیش (18) آپس میں دوست تھے۔ جنماشٹمی کے موقع پر یہ تینوں اپنے دوستوں کے ساتھ گورسہائے گنج قصبہ میں منعقدہ ٹجھانکیاں دیکھنے گئے تھے۔ رات دیر گئے تینوں ایک ہی بائک پر سوار ہوکر اپنے گاو¿ں واپس آ رہے تھے۔ جیسے ہی ان کی بائک ڈونڈوا بزرگ بائی پاس پر پہنچی تو ایک تیز رفتار نامعلوم گاڑی نے بائک کو ٹکر مار دی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ تینوں نوجوان سڑک پر گر کر شدید زخمی ہو گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی اہل خانہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور تینوں زخمیوں کو فوری طور پر ضلع اسپتال پہنچایا، جہاں ایمرجنسی ڈاکٹروں نے جانچ کے بعد انہیں مردہ قرار دے دیا۔ ایمرجنسی میڈیکل آفیسر ڈاکٹر گیانیندر نے بتایا کہ تینوں نوجوانوں کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔ مقامی پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور تینوں لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔
گورسہائے گنج کے پولیس انسپکٹر اجے اوستھی نے بتایا کہ یہ واقعہ کل رات ایک بجے پیش آیا، جب ایک نامعلوم گاڑی نے ایک موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار تین نوجوان جاں بحق ہو گئے۔ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر ذرائع سے گاڑی اور اس کے ڈرائیور کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد