
نئی دہلی، 05 ستمبر (ہ س)۔
یومِ اساتذہ کے موقع پر مرکزی وزیرِ مملکت برائے تعلیم اور مغربی بنگال کے بالور گھاٹ سے لوک سبھا رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر سکانت مجومدار نے ملک بھر کے اساتذہ کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اساتذہ کے خلوص و لگن اور طلبہ کے مستقبل کو سنوارنے میں ان کے کردار کو سراہا۔
ڈاکٹر سکانت مجومدار نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایک استاد کا اثر صرف کلاس روم اور درسی کتب تک محدود نہیں ہوتا۔ اساتذہ بچوں میں تجسس پیدا کرنے، ان کا خود اعتمادی بڑھانے اور انہیں علم نیز زندگی کی اقدار سے بااختیار بنانے کا کام کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ ہی نوجوان نسل کو مستقبل کے ذمہ دار شہری اور قائد بننے کے لیے تیار کرتے ہیں۔ ان کے تعاون سے نہ صرف طلبہ کی شخصیت سازی ہوتی ہے بلکہ ملک کے مستقبل کی سمت بھی متعین ہوتی ہے۔
وزیرِ مملکت برائے تعلیم نے اساتذہ کے اس اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ وکست بھارت@2047 کے ہدف کو حاصل کرنے میں اساتذہ کا کردار انتہائی اہم ہے۔ ان کی رہنمائی اور لگن سے ملک کی نوجوان قوت کو علم، ہنر اور اقدار سے بااختیار بنایا جا سکتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن