
نائب صدر جمہوریہ، لوک سبھا اسپیکر اور وزیر دفاع سمیت متعدد رہنماوں نے یوم اساتذہ پر اساتذہ کو مبارکباد دی
نئی دہلی، 05 ستمبر (ہ س)۔ یومِ اساتذہ کے موقع پر نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سمیت متعدد رہنماوں نے ملک بھر کے اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر رہنماوں نے عظیم فلسفی، استاد اور سابق صدر جمہوریہ بھارت رتن ڈاکٹر سروپلی رادھا کرشنن کے یومِ پیدائش پر انہیں خراجِ عقیدت بھی پیش کیا۔
نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ملک بھر کے اساتذہ کو یومِ اساتذہ کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ اپنے علم اور اقدار کے ذریعے ملک کے مستقبل کو سنوارتے ہیں اور ترقی یافتہ ہندوستان کی بنیاد رکھتے ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹر سروپلی رادھا کرشنن کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی علم اور تعلیم کے اعلیٰ ترین نمونوں کی علامت تھی۔ انہوں نے اساتذہ کے خلوص و لگن کو سلام پیش کرتے ہوئے ان کی مسلسل کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کہا کہ اساتذہ معاشرے کے ان معماروں میں شامل ہیں جو اپنے علم، اخلاق اور رہنمائی سے آنے والی نسلوں کی تعمیر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی قوم کی ترقی صرف اس کی معاشی طاقت اور وسائل سے طے نہیں ہوتی، بلکہ شہریوں کی تعلیم، سوچ، کردار اور ذمہ داری کے احساس کی بھی بڑی اہمیت ہوتی ہے۔ شخصیت سازی سے لے کر تعمیر قوم تک ان اقدار کو پروان چڑھانے میں استاد کا کردار سب سے اہم ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ و امداد باہمی امت شاہ نے ڈاکٹر سروپلی رادھا کرشنن کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی گراں قدر میراث علم سے مالا مال ہندوستان کی تعمیر کے لیے ملک کو مسلسل ترغیب دیتی رہے گی۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ملک اور معاشرے کی تعمیر میں اساتذہ کا کلیدی کردار رہا ہے۔ انہوں نے یومِ اساتذہ پر تمام اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سلام پیش کیا۔
مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل نے کہا کہ ملک کی ہر کامیابی کے پیچھے کسی نہ کسی استاد کی محنت شامل ہوتی ہے۔ اساتذہ ہی طلبہ کے ذہنوں میں سوالات بیدار کرتے ہیں، خیالات کو سمت دیتے ہیں اور انہیں اپنے خوابوں کو شرمندۂ تعبیر کرنے کا حوصلہ بخشتے ہیں۔ کانگریس کے قومی صدر اور لوک سبھا میں حزب اختلاف رہنما ملیکارجن کھڑگے نے کہا کہ اساتذہ فکر کو سمت دیتے ہیں، اقدار کو فروغ دیتے ہیں اور ملک کے مستقبل کی مضبوط بنیاد تعمیر کرتے ہیں۔
مرکزی وزیر ماحولیات بھوپیندر یادو نے کہا کہ اساتذہ علم کی راہ روشن کرتے ہیں، نوجوان ذہنوں کو تحریک دیتے ہیں اور ذمہ دار شہری بنانے والے اوصاف پروان چڑھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی اوصاف ایک مضبوط اور ترقی پسند قوم کی بنیاد بنتے ہیں۔ وہیں، مرکزی وزیر زراعت، کسان بہبود اور دیہی ترقی شیوراج سنگھ چوہان نے استاد کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ استاد سے بڑا دوسرا کوئی بھگوان نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ استاد کچی مٹی کو تراش کر اس میں جان ڈالنے کا کام کرتے ہیں۔ انہوں نے سبھی کی زندگی میں اساتذہ کا سایۂ شفقت و آشیرواد (دعا) ہمیشہ قائم رہنے کی تمنا کی۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن