
نئی دہلی، 03 ستمبر (ہ س)۔ بیلجیم کے وزیر اعظم بارٹ ڈی ویور کے ساتھ تین روزہ ہندوستان دورے پر آئے بیلجیم کے وزیر دفاع و خارجہ تجارت تھیو فرانکن کے ساتھ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعرات کو یہاں وفد سطح کی بات چیت کی۔ دونوں فریقوں نے ہندوستان-بیلجیم دفاعی تعلقات اور دفاعی صنعتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس کے دوران دفاعی صنعتی تعاون کے تحت کئی مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔
بات چیت کے دوران راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ دنیا اس وقت سنگین جغرافیائی سیاسی اور اقتصادی اتھل پتھل کے دور سے گزر رہی ہے۔ ایسے وقت میں ہندوستان کے دوست اور اہم شراکت دار بیلجیم کے ساتھ خیالات اور نقطۂ نظر کا تبادلہ اہم ہے۔ ہندوستان اور بیلجیم کے درمیان تعلقات باہمی احترام، جمہوری اقدار اور قواعد پر مبنی عالمی نظام کے لیے مشترکہ عزم پر قائم ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ جولائی میں ہونے والا ہندوستان-بیلجیم اسٹریٹجک ڈائیلاگ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے ادارہ جاتی ڈھانچہ فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے دفاع اور سلامتی کے شعبے میں دو طرفہ تعاون کو وسعت دینے کے وسیع امکانات کا ذکر کرتے ہوئے بیلجیم اور ہندوستانی دفاعی کمپنیوں کے درمیان مزید تعاون کا خیرمقدم کیا۔
اجلاس کے بعد راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ دونوں فریقوں نے دفاعی تعلقات اور دفاعی صنعتی تعاون کے پورے دائرۂ کار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی صنعتی تعاون کے تحت کئی مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں، جن کا مقصد بیلجیم کی ٹیکنالوجی کو ہندوستان کی مہارت اور بڑے صنعتی پیمانے کے ساتھ جوڑنا ہے۔
تھیو فرانکن نے بات چیت کے دوران ہندوستان کے ساتھ دفاع اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ بیلجیم کے پاس کافی تکنیکی صلاحیت ہے، لیکن مستقبل کے منصوبوں کے لیے ہندوستان جیسے ممالک کے ساتھ تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے ہندوستان کو اعلیٰ ٹیکنالوجی والا ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔
فرانکن نے کہا کہ موجودہ جغرافیائی سیاسی چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے ممالک کو عملی نقطۂ نظر اپناتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا۔ ہندوستان اور بیلجیم دوستی اور شراکت داری کے ذریعے ان چیلنجز کا سامنا کر سکتے ہیں۔
اجلاس کے بعد وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ایکس پر لکھا کہ بیلجیم کے وزیر دفاع و خارجہ تجارت تھیو فرانکن کے ساتھ ان کی ملاقات انتہائی مفید رہی۔ دونوں فریقوں نے ہندوستان-بیلجیم دفاعی تعلقات اور دفاعی صنعتی تعاون کے پورے دائرۂ کار کا جائزہ لیا۔ دفاعی صنعتی تعاون کے تحت کئی مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔
بیلجیم کے وزیر اعظم بارٹ ڈی ویور 2 سے 4 ستمبر تک ہندوستان کے تین روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔ ان کے ساتھ وزیر دفاع و خارجہ تجارت تھیو فرانکن اور اعلیٰ سطحی کاروباری وفد بھی آیا ہے۔ ڈی ویور کے وزیر اعظم بننے کے بعد یہ ان کا پہلا ہندوستان دورہ ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد