
وارانسی، 03 ستمبر (ہ س)۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے پارلیمانی حلقے وارانسی میں سیلاب اور راحت کاری کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے انتظامات کی معلومات حاصل کی ہیں۔ جمعرات کو وزیر اعظم مودی نے ضلع مجسٹریٹ ستیندر کمار اور میئر اشوک تیواری سے الگ الگ ٹیلی فون پر بات چیت کرکے سیلاب کی صورتحال کے بارے میں معلومات لیں۔
ضلع مجسٹریٹ ستیندر کمار نے وزیر اعظم مودی کو وارانسی میں سیلاب کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی معلومات دیں۔ وزیر اعظم نے اس دوران ضلع مجسٹریٹ سے دریا کے پانی کی سطح کے ساتھ ساتھ راحت کیمپوں میں فراہم کی جا رہی سہولیات کے بارے میں بھی تفصیل سے معلومات حاصل کیں۔
اتر پردیش کے وارانسی میں گنگا اور ورونا ندیوں کی سطح آب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ مرکزی آبی کمیشن کی راج گھاٹ گیج سائٹ کے مطابق جمعرات کو دوپہر 12 بجے تک یہاں گنگا کی سطح آب 70.60 میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ خطرے کا نشان 71.26 میٹر ہے۔ پانی کی سطح میں فی گھنٹہ ایک سینٹی میٹر کا اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی راحت کے لیے جنگی پیمانے پر کام کرتے ہوئے انہیں ضروری سہولیات فراہم کرنا یقینی بنایا جائے۔ اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ لوگوں کو کم سے کم پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی راحتی سامان کی اضافی ضرورت ہو، وہاں فوری طور پر انتظام کرتے ہوئے متاثرین تک امداد پہنچانے کا کام تیز رفتاری سے کیا جائے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے سیلاب اور راحت کاری کے کاموں پر مسلسل چوکس نظر رکھنے اور متاثرہ افراد تک فوری امداد پہنچانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب راحت کیمپوں میں رہنے والے بچوں، خواتین اور بزرگوں کی خصوصی ضروریات کا بھی خیال رکھا جائے۔
اس کے بعد وزیر اعظم مودی نے میئر اشوک تیواری سے سیلاب راحت کیمپوں کی صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے راحت کیمپوں میں غذائی اشیا اور دیگر سہولیات کے حوالے سے ہدایات دیں۔ وزیر اعظم نے میئر سے کیمپوں میں مقیم لوگوں کے لیے کھانے پینے کی اشیا، پینے کے پانی، ادویات اور دیگر ضروری سہولیات کی دستیابی کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔
وزیر اعظم نے واضح ہدایات دیں کہ راحت کیمپوں میں پناہ لیے ہوئے شہریوں کو کسی بھی طرح کی دشواری نہ ہو اور تمام بنیادی سہولیات بروقت فراہم کی جائیں۔ انہوں نے قدرتی آفت کی اس گھڑی میں بہتر انتظام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام عوامی نمائندے اور میونسپل کارپوریشن کے کونسلر باہمی تال میل کے ساتھ زمینی سطح پر کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندے مسلسل عوام کے درمیان فعال رہیں اور متاثرین تک ہر ممکن مدد پہنچانا یقینی بنائیں، تاکہ اس قدرتی آفت کے اثرات کو کم کیا جا سکے اور لوگوں کو فوری راحت فراہم کی جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ