
ایم پی کے ساگر میں بس اور کار کے تصادم میں چار افراد ہلاک، ایک زخمی
ساگر، 19 ستمبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے ضلع ساگر میں ہفتہ کے روز ایک کار کو جبل پور کی جانب سے آ رہی تیز رفتار چارٹرڈ بس نے زبردست ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں کار سوار چار افراد کی موت ہو گئی جبکہ ایک مسافر شدید زخمی ہے، جسے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق آج ایک کار بہیریا تھانہ علاقہ کے تحت گڑھاکوٹا روڈ پر واقع چناٹوریا کے قریب پیٹرول پمپ سے نکل کر مرکزی شاہراہ پر پہنچی ہی تھی کہ جبل پور کی سمت سے آ رہی تیز رفتار چارٹرڈ بس نے اسے زوردار ٹکر مار دی۔ کار کو ٹکر مارنے کے بعد بس بے قابو ہو کر سڑک کے کنارے کھائی میں اتر گئی اور بس ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔
حادثہ اتنا بھیانک تھا کہ کار کے پرخچے اڑ گئے اور کار میں سوار تین افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور مقامی باشندوں کی مدد سے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا، جہاں دورانِ علاج ایک زخمی نے دم توڑ دیا۔ واقعے میں زخمی ہونے والے ایک دیگر شخص کی حالت اب بھی انتہائی تشویش ناک بنی ہوئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کار ہریانہ کے نمبر کی ہے۔
پولیس کے مطابق، متوفیان میں سے تین کی شناخت پرشانت جین (46) ساکن بنڈا ضلع ساگر، نرمل عرف منا جین (62) ساکن رام پورہ وارڈ ساگر اور وکاس (43) ولد جگدیش کمار ساکن ہریانہ کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ اسپتال میں دورانِ علاج دم توڑنے والے شخص کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس نے متوفیان کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ مفرور بس ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن