
دموہ کے کبیر پور گاوں کی واردات، بیوی سے طویل عرصے سے چل رہا تھا تنازعہ، لواحقین کا الزام: شراب کے نشے میں کرتا تھا مار پیٹ
دموہ، 19 ستمبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے ضلع دموہ میں ہفتہ کی علی الصبح ایک ہی خاندان کے چار افراد کے قتل سے سنسنی پھیل گئی۔ یہاں شرابی شوہر نے اپنی بیوی اور تین بچوں کو کلہاڑی سے کاٹ کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ واردات کے بعد ملزم گھر پر ہی موجود تھا۔ پولیس کے پہنچنے پر وہ کلہاڑی کے ساتھ گھر کے باہر بیٹھا ملا۔ پولیس نے اسے حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں میاں بیوی کے درمیان طویل عرصے سے تنازعہ کی بات سامنے آئی ہے۔
معاملہ مگرون تھانہ علاقے کے کبیر پور گاوں کا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم دوارکا پٹیل نے اپنی بیوی اور تین بچوں پر کلہاڑی سے حملہ کر کے انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا۔ متوفیان میں بیوی کھیما بائی (27)، بیٹی ارملا (7)، بیٹا امیش (4) اور ایک سالہ بیٹا راجہ شامل ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ دوارکا اور کھیما بائی کے مابین تقریباً ایک سال سے تنازعہ چل رہا تھا۔ بیوی کی شکایت پر ماضی میں مگرون تھانے میں 498 کا گھریلو تشدد سے متعلق مقدمہ بھی درج ہوا تھا۔ بعد میں دونوں کے مابین صلح ہو گئی تھی اور وہ ساتھ رہنے لگے تھے۔
متوفیہ کھیما بائی کے والد بابو لال پٹیل نے پولیس کو بتایا کہ داماد شراب پی کر بیٹی کے ساتھ مار پیٹ کرتا تھا۔ تین دن قبل بیٹی نے فون کر کے بتایا کہ شوہر شراب پی کر اس کے ساتھ مار پیٹ کر رہا ہے۔ اس کے بعد جمعہ کو میکے والے کریا گاوں سے کبیر پور بیٹی کے گھر پہنچے تھے۔ دونوں کو جھگڑا نہ کرنے اور باہمی رضامندی سے رہنے کی صلاح دی تھی۔ شام کو اہلِ خانہ واپس لوٹ آئے۔ ہفتہ کی صبح معلوم ہوا کہ داماد نے بیٹی اور تین بچوں کا قتل کر دیا ہے۔ رات میں کیا تنازعہ ہوا، اس کا فی الحال ہمیں علم نہیں ہے۔
پولیس کے مطابق اہل خانہ کی واپسی کے بعد میاں بیوی کے درمیان دوبارہ جھگڑا ہوا ہوگا۔ اس کے بعد دیر رات بیوی اور بچے سو گئے تھے، لیکن ملزم کے سر پر خون سوار تھا۔ اس نے صبح تقریباً 4.30 بجے کلہاڑی سے چاروں کا قتل کر دیا۔ واقعے کی اطلاع صبح تقریباً 6 بجے پولیس کو ملی۔ اطلاع ملتے ہی ڈائل-112 کی ٹیم موقع پر پہنچی۔ اس کے بعد مگرون تھانہ پولیس اور اعلیٰ افسران بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ پولیس نے جائے وقوعہ کو تحویل میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔
معاملے کی سنگینی کے پیشِ نظر دموہ کے ایس پی آنند کلادگی بھی جائے حادثہ پر پہنچے۔ ایس پی نے بتایا کہ صبح 6 بجے اطلاع موصول ہوئی کہ شوہر نے بیوی اور تین بچوں کو کلہاڑی کے وار سے قتل کر دیا ہے۔ اطلاع پر ڈائل-112 موقع پر پہنچی، جس کے بعد پولیس ٹیم بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ایس پی نے بتایا کہ ملزم کلہاڑی تھامے باہر ہی بیٹھا تھا۔ پولیس نے اسے حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔ پوچھ گچھ میں یہ بات سامنے آئی کہ میاں بیوی کے درمیان ایک سال سے تنازعہ چل رہا تھا۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے لیے ساگر سے فارینسک ٹیم طلب کی گئی ہے۔ ضروری قانونی کارروائی کے بعد چاروں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیجنے کا عمل مکمل کیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن