
ہر بلاک میں ایس سی اور ایس ٹی طلبہ کے لیے جدید ہاسٹل ہوگا
۔ ڈاکٹر امبیڈکر ویلفیئر ہاسٹل کو 534 بلاکو تک بڑھانے کے لیے تیاریاں جاری
پٹنہ، 14 ستمبر(ہ س)۔ بہار میں درج فہرست ذات (ایس سی) اور درج فہرست قبائل (ایس ٹی) طلباء کے لیے بہتر رہائشی سہولیات فراہم کرنے کی تیاریاں تیز ہو گئی ہیں۔ ریاست کے تمام 534 بلاکوں میں نئے ڈاکٹر امبیڈکر ویلفیئر ہاسٹل فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس منصوبے کو آئندہ چاربرسوں میں مرحلہ وار مکمل کرنے کا ہدف ہے۔ ایس ایس ایس ٹی بہبود محکمہ نے اس کے لیے ایک تجویز تیار کی ہے۔ اب متعلقہ محکموں کی منظوری کے بعد اسے کابینہ کی منظوری کے لیے بھیجا جائے گا۔ منظوری کے بعد ڈاکٹر امبیڈکر ویلفیئر ہاسٹلز کی تعمیر کا عمل شروع ہو جائے گا۔
تجویز کے مطابق، ایک ہاسٹل کی تعمیر پر تقریباً 2.44 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ نئے ہاسٹل میں طلباء کو رہائش کے ساتھ ساتھ سیکھنے کا سازگار ماحول اور جدید سہولیات فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ فی الحال، ریاست میں ایس سی اور ایس ٹی طلباء کے لیے 139 ہاسٹل کام کر رہے ہیں، جب کہ 60 نئے ہاسٹل کو پہلے ہی منظور مل چکی ہے۔ ہر ضلع میں ایس سی اور ایس ٹی طلباء کے لیے 100 بیڈ والے ساوتری بائی پھولے ہاسٹل کھولنے کا بھی منصوبہ ہے۔ اس مقصد کے لیے اب تک 18 اضلاع میں زمین مختص کی گئی ہے۔ جن اضلاع میں زمین دستیاب ہے وہاں مزید تعمیراتی کام جاری ہے۔
فی الحال، 91 ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر رہائشی اسکول ایس سی اور ایس ٹی کے بچوں کے لیے ریاست میں چل رہے ہیں۔ ان اسکولوں میں مفت رہائش اور تعلیم فراہم کی جاتی ہے۔ 28 نئے رہائشی سکول کھولنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ رہائشی ا سکولوں میں پڑھنے والے طلباء نے بھی تعلیمی میدان میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ محکمہ کے مطابق، ان اسکولوں کے طلباء نے نیٹ اور جے ای ای سمیت ممتاز اداروں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس سے رہائشی اسکولوں میں فراہم کی جانے والی تعلیمی سہولیات اور طلبہ کی تیاری کا اندازہ ہوتا ہے۔
سرکاری ہاسٹل میں رہنے والے ہر طالب علم کو ہر ماہ 15 کلو مفت اناج ملتا ہے۔ اس میں 9 کلو چاول اور 6 کلو گندم شامل ہے۔ وزیر اعلیٰ ہاسٹل گرانٹ اسکیم کے تحت طلباء کے کھاتوں میں ہر ماہ ڈی بی ٹی کے ذریعے 2000 روپے منتقل کیے جاتے ہیں۔ ہاسٹل میں ڈیجیٹل لائبریری سمیت دیگر تعلیمی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan