ارکان اسمبلی سے مبینہ بدسلوکی کا معاملہ گورنر کے سامنے اٹھائے گی کانگریس، اسمبلی میں پھر ہنگامے کے آثار
چنڈی گڑھ، 30 اگست (ہ س)۔ ہریانہ اسمبلی میں احتجاج کے دوران کانگریس کے ارکان اسمبلی کو داخلے سے روکے جانے کے معاملے کو اب کانگریس بڑا سیاسی مسئلہ بنانے کی تیاری میں ہے۔ مانسون اجلاس کے پہلے ہی دن 8 ارکان اسمبلی کی معطلی سے ناراض کانگریس کے ارکان پیر
ارکان اسمبلی سے مبینہ بدسلوکی کا معاملہ گورنر کے سامنے اٹھائے گی کانگریس، اسمبلی میں پھر ہنگامے کے آثار


چنڈی گڑھ، 30 اگست (ہ س)۔ ہریانہ اسمبلی میں احتجاج کے دوران کانگریس کے ارکان اسمبلی کو داخلے سے روکے جانے کے معاملے کو اب کانگریس بڑا سیاسی مسئلہ بنانے کی تیاری میں ہے۔ مانسون اجلاس کے پہلے ہی دن 8 ارکان اسمبلی کی معطلی سے ناراض کانگریس کے ارکان پیر کو اسمبلی کی کارروائی شروع ہونے سے پہلے ریاست کے گورنر پروفیسر عاصم کمار گھوش سے ملاقات کریں گے۔اس کے ساتھ ہی واضح ہوگیا ہے کہ پیر کو اسمبلی میں اپوزیشن ایک بار پھر ہنگامہ کرنے کی تیاری میں ہے۔ ہریانہ اسمبلی کا مانسون اجلاس 27 اگست سے شروع ہوا تھا۔

کانگریس کے ارکان نے کالے کپڑے پہن کر کاغذ لیک ہونے، ہریانہ کوشل روزگار نگم کے ذریعے بھرتی میں نوجوانوں کے ساتھ مبینہ دھوکہ دہی، ایودھیا رام مندر میں مبینہ چندہ چوری اور صفائی ملازمین کے مطالبات کی حمایت میں ہاتھوں میں پلے کارڈ لے کر اسمبلی کی جانب پیدل مارچ کیا تھا۔اسمبلی کے مرکزی دروازے پر سکیورٹی اہلکاروں نے قائد حزب اختلاف بھوپیندر سنگھ ہڈا سمیت کئی کانگریس ارکان کو روک دیا۔ ہڈا نے سکیورٹی اہلکاروں پر مبینہ طور پر مارپیٹ کرنے کا الزام بھی لگایا۔

اس کے بعد کانگریس اور بی جے پی دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف ہنگامہ آرائی کے ویڈیوز جاری کرکے اپنے اپنے دعووں کو درست ثابت کرنے کی کوشش کی۔

اس واقعے کے بعد اسمبلی کے اندر اپوزیشن نے سوالیہ وقفے کی کارروائی نہیں چلنے دی۔ ہنگامے کے بعد اسپیکر ہری وندر کلیان نے کانگریس کے 8 ارکان اسمبلی کو معطل کر دیا تھا۔اب تین دن کے وقفے کے بعد پیر کو اسمبلی کی کارروائی دوبارہ شروع ہوگی۔ کانگریس نے ارکان اسمبلی کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کے معاملے پر حکومت کو گھیرنے کی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔

کانگریس کے ارکان اسمبلی کا ایک وفد کارروائی شروع ہونے سے پہلے گورنر سے ملاقات کرے گا۔ کانگریس کے چیف وہپ بی بی بترا نے بتایا کہ 10 ارکان پر مشتمل وفد دوپہر 12 بجے گورنر سے ملاقات کرے گا۔ وفد گورنر کو پورے واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کرے گا اور معاملے میں مداخلت کا مطالبہ کرے گا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande