

وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو کا وزارت کے ملازمین نے پرتپاک استقبال کیا
ملازمین کے مفاد میں لیے جا رہے تاریخی فیصلوں پر اظہارِ تشکر کیا
بھوپال، 25 اگست (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ مدھیہ پردیش کے سرکاری افسران اور ملازمین کی ترقی (پروموشن) کا عمل اب رکے گا نہیں، اب ترقیوں کا یہ سلسلہ سال بہ سال جاری رہے گا۔ رواں سال تمام محکموں میں ترقی کے لیے ڈی پی سی شروع ہونے والی ہے۔ تمام اہل ملازمین کو ترقی کا فائدہ ملے گا۔ ریاستی حکومت ملازمین کو وقت پر تمام فوائد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، کیونکہ تاخیر سے لیا گیا فیصلہ بھی ناانصافی کے مترادف ہوتا ہے۔ ریاستی حکومت نے ملازمین کے مفاد اور ان کی ترقی کے ساتھ اپنے جذبات کو جوڑ کر فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو ملازمین کے مفاد میں لیے گئے فیصلوں کے پیشِ نظر منگل کے روز منترالیہ کے افسران و ملازمین کی جانب سے اپنے اعزاز میں وزارت میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے اس موقع پر بین الاقوامی کراٹے کھلاڑی جاگرتی پٹیل اور وکرم ایوارڈ یافتہ انجلی ورما کو اعزاز سے نوازا۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہا ہے۔ شفاف فیصلے اور پختہ عزم ہی گڈ گورننس (بہتر حکمرانی) کا بنیادی ستون ہیں۔ ملازمین کے مفاد میں ریاستی حکومت تمام فلاحی فیصلے لینے کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ملازم بہنوں کو رکشا بندھن کے مقدس تہوار کی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ ترقی پانے کے بعد ملازمین کے دل کی خوشی ان کے چہرے پر نظر آتی ہے۔ ریاست کی ترقی اور عوامی فلاح کے بڑھتے ہوئے کارواں میں ملازمین کا نمایاں کردار ہے۔ ملازمین کی حوصلہ افزائی کے لیے تمام اقسام کی تنخواہ، الاؤنس اور ترقیاں فراہم کرنے کے لیے ریاستی حکومت پرعزم ہے۔ یہ ملازمین کا حق ہے، اس سے ملازمین کے اندر نئی توانائی پیدا ہوتی ہے اور ان کے خاندان میں خوشیاں آتی ہیں۔
رکن اسمبلی بھگوان داس سبنانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو ملازمین کی تنخواہوں اور الاونس کے ساتھ ساتھ ان کی رہائش کی بھی فکر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کسانوں کی فلاح، غریب، خواتین اور نوجوانوں سمیت تمام طبقات کے لیے عوام دوست فیصلے لیے ہیں۔ پروگرام کے منتظم اور کنوینر سبھاش ورما نے منترالیہ فیملی کی جانب سے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ 13 دسمبر 2023 کو ریاست کے ملازمین کی قسمت کھلی تھی۔ سال 2013 سے رکے ہوئے الاونسز کی ادائیگی کی گئی۔ اس کے بعد 2026 میں پوری ریاست کے 1 لاکھ 25 ہزار سے زائد افسران و ملازمین کو ترقیاں دی گئیں۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے اپنے دورِ اقتدار میں متعدد ملازم دوست فیصلے کیے۔ عوامی بہبود کے لیے ایک مضبوط نظام کی ضرورت ہوتی ہے اور وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو پختہ عزم کے مالک ہیں۔
پروگرام میں مدھیہ پردیش اسٹیٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدر رمیش شرما سمیت سرکاری ملازمین کی انجمنوں کے نمائندے اور بڑی تعداد میں ملازمین بھائی بہن موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن