سرحدی دیہات ملک کی آخری بستیاں نہیں بلکہ ہندوستان کی پہلی بستیاں اور ملک کی شناخت و ترقی کی اگلی صف ہیں۔ایل جی
جموں, 20 اگست (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو کٹھوعہ ضلع کے سرحدی گاؤں کرول کرشنا کا دورہ کیا اور مقامی خاندانوں میں مختلف سرکاری اسکیموں کے فوائد تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو تقرری نامے بھی حوالے کیے۔ کرول
Lg


جموں, 20 اگست (ہ س)۔

جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو کٹھوعہ ضلع کے سرحدی گاؤں کرول کرشنا کا دورہ کیا اور مقامی خاندانوں میں مختلف سرکاری اسکیموں کے فوائد تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو تقرری نامے بھی حوالے کیے۔

کرول کرشنا کے علاوہ رتھوا، گجر چک، گجنال، بوبیا اور کڈیالہ کو وائبریٹ ولیجز پروگرام فیز-2 میں شامل کیا گیا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایل جی نے کہا کہ سرحدی دیہات ملک کی آخری بستیاں نہیں بلکہ ہندوستان کی ’پہلی بستیاں‘ اور ملک کی شناخت و ترقی کی اگلی صف ہیں۔

منوج سنہا نے کہا کہ 2019 کے بعد کٹھوعہ ضلع کے تمام 216 سرحدی دیہات کو سڑک رابطے سے جوڑنے کے ساتھ ساتھ مکمل بجلی کاری کی گئی ہے، جبکہ ٹیلی کمیونیکیشن اور ٹیلی ویژن کی سہولت بھی ہر گھر تک پہنچائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں غربت میں نمایاں کمی آئی ہے، شہروں کی جانب نقل مکانی نصف رہ گئی ہے اور دیہی آمدنی میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوا ہے جبکہ بے روزگاری پہلے کے مقابلے میں تقریباً نصف رہ گئی ہے۔ سرحدی خاندانوں کی حفاظت کے لیے 2,000 سے زائد انفرادی اور اجتماعی بنکر بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔

ایل جی نے کہا کہ حکومت کا مقصد ہر خاندان کو غربت کی لکیر سے اوپر لانا ہے۔ انہوں نے سرحدی علاقوں کی معیشت میں خواتین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیشنل رورل لائیولی ہڈ مشن کے تحت 1,300 سے زائد سیلف ہیلپ گروپس قائم کیے گئے ہیں، جن سے 12,000 سے زیادہ خاندان مستفید ہو رہے ہیں۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ بڑے خواب دیکھیں اور زراعت، سیاحت، دفاعی معاون خدمات اور دستکاری سمیت مختلف شعبوں میں دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ سرحدی دیہات کی ترقی کے لیے سڑک رابطے کے ساتھ انہیں منڈیوں سے جوڑنا، باغبانی اور ڈیری کوآپریٹو کو فروغ دینا، صحت و ٹیلی میڈیسن کی سہولیات بہتر بنانا اور سیکورٹی کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط کرنا ضروری ہے۔

منوج سنہا نے کہا کہ ترقی اور سلامتی ایک ہی مقصد کے دو ستون ہیں، کیونکہ محفوظ گاؤں ہی خوشحال گاؤں بن سکتا ہے۔

بعد ازاں لیفٹیننٹ گورنر نے کرول کرشنا بارڈر آؤٹ پوسٹ کا دورہ کیا اور وہاں تعینات جوانوں سے ملاقات کی۔

انہوں نے ملک کی سرحدوں کی حفاظت اور آپریشن سندور کے دوران جوانوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے مسلسل چوکس رہنے پر زور دیا۔اس موقع پر ہیرانگر کے رکن اسمبلی وجے کمار، آئی جی پی جموں بھیم سین توتی، آئی جی بی ایس ایف آصف جلال، ڈویژنل کمشنر جموں رمیش کمار، ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ راجیش شرما اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande