اسمارٹ کارڈ سے تلنگانہ میں راشن نظام میں ایک اہم تبدیلی کا امکان
حیدرآباد ،15 اگست (ہ س)۔ تلنگانہ حکومت ریاست بھرمیں 15 اگست 2026 سے نئے اسمارٹ راشن کارڈز کی تقسیم شروع کررہی ہے۔ روایتی کاغذی راشن کارڈز کی جگہ اب ڈیبٹ کارڈ کی طرزپرتیار کیے گئے جدید اسمارٹ راشن کارڈ فراہم کیے جائیں گے۔ حکومت نے ان کارڈز کو پہلے ہ
اسمارٹ کارڈز : تلنگانہ میں راشن نظام میں ایک اہم تبدیلی کا امکان


حیدرآباد ،15 اگست (ہ س)۔ تلنگانہ حکومت ریاست بھرمیں 15 اگست 2026 سے نئے اسمارٹ راشن کارڈز کی تقسیم شروع کررہی ہے۔ روایتی کاغذی راشن کارڈز کی جگہ اب ڈیبٹ کارڈ کی طرزپرتیار کیے گئے جدید اسمارٹ راشن کارڈ فراہم کیے جائیں گے۔ حکومت نے ان کارڈز کو پہلے ہی تمام ضلعی مراکزتک پہنچا دیا ہے۔ نئے اسمارٹ راشن کارڈز کوجدید اورمحفوظ ٹیکنالوجی کے ساتھ تیار کیا ہے۔ حکومت کے مطابق جعل سازی اورنقلی کارڈزکی تیاری کوروکنے کے لیے ان میں 9 مختلف حفاظتی خصوصیات شامل کی گئی ہیں۔ ان کارڈزمیں ایسی ٹیکنالوجی بھی استعمال کی گئی ہے جوبینک نوٹوں اورپاسپورٹ جیسے محفوظ دستاویزات میں استعمال کی جاتی ہے۔

اسمارٹ راشن کارڈ پر ضروری معلومات واضح انداز میں درج ہوں گی۔ کارڈ کے ایک جانب وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی اور دوسری جانب شہری رسد کے وزیر اُتم کمار ریڈی کی تصویر موجود ہوگی۔ کارڈ پر راشن کارڈ نمبر، خاندان کے سربراہ کا نام، راشن کی دکان کا نمبر،گاؤں،منڈل، ضلع اور گھر کا پتہ بھی درج کیا جائے گا۔ حکومت کی جانب سے خاندان کے سربراہ کے طور پر خاتون کا نام درج کرنے کو ترجیح دی گئی ہے۔ ان کارڈز میں ہولوگرام اور خفیہ معلومات پر مشتمل کیو آر کوڈ سمیت متعدد حفاظتی نظام شامل ہیں۔ کارڈ اسکین کرنے کے بعد مستحق خاندان کی معلومات کی فوری تصدیق میں مدد ملے گی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اسمارٹ راشن کارڈز کے ذریعے جعلی کارڈز اور راشن کے غلط استعمال پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ اس کے ساتھ راشن کی تقسیم کے نظام میں شفافیت بڑھے گی اور سرکاری راشن حقیقی اور اہل مستحقین تک پہنچانے میں آسانی ہوگی۔ کاغذی کارڈز کے مقابلے میں نئے اسمارٹ کارڈز زیادہ پائیدار، محفوظ اور استعمال میں آسان ہونے کی توقع ہے۔ حکومت کا مقصد راشن کی تقسیم کے پورے نظام کو مزید جدید، شفاف اور محفوظ بنانا ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق


 rajesh pande