پنجاب کے گرداسپور میں غباروں کے ساتھ درخت سے لٹکے ملے پاکستانی پرچم، پولیس نے جانچ شروع کی
پنجاب کے گرداسپور میں غباروں کے ساتھ درخت سے لٹکے ملے پاکستانی پرچم، پولیس نے جانچ شروع کی چنڈی گڑھ، 15 اگست (ہ س)۔ یومِ آزادی کے موقع پر پنجاب کے گرداسپور ضلع میں اس وقت سنسنی پھیل گئی، جب سرحدی گاوں رسول پور میں دیہی باشندوں کو غباروں کے ساتھ
گرداسپور: درخت سے لٹکے ملے پاکستانی پرچم اور غبارے


پنجاب کے گرداسپور میں غباروں کے ساتھ درخت سے لٹکے ملے پاکستانی پرچم، پولیس نے جانچ شروع کی

چنڈی گڑھ، 15 اگست (ہ س)۔

یومِ آزادی کے موقع پر پنجاب کے گرداسپور ضلع میں اس وقت سنسنی پھیل گئی، جب سرحدی گاوں رسول پور میں دیہی باشندوں کو غباروں کے ساتھ پاکستانی پرچم درخت پر لٹکے ملے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور پرچموں نیز غباروں کو قبضے میں لے کر جانچ شروع کر دی۔

عینی شاہدین کے مطابق، گرداسپور ضلع کے سرحدی گاوں رسول پور کے کھیتوں میں محکمہ نہر کی مائنر روڈ پر لگے یوکلپٹس (سفیدے) کے درخت سے درجنوں سبز اور سفید رنگ کے پاکستانی پرچم غباروں سے بندھے ہوئے لٹکے ملے۔ ان پرچموں کی لمبائی 4 سے 5 فٹ بتائی جا رہی ہے۔ غباروں پر ’دل دل پاکستان‘ لکھا ہوا تھا۔

قابلِ ذکر ہے کہ ہندوستانی پنجاب کے ضلع گرداسپور سے متصل پاکستانی پنجاب کا نارووال ضلع واقع ہے۔ پاکستان میں 14 اگست کو یومِ آزادی منایا جاتا ہے۔ ایسے میں ابتدائی طور پر مانا جا رہا ہے کہ جمعہ کے روز پاکستان کے ضلع نارووال میں منعقدہ تقریب کے دوران یہ غبارے اور پرچم چھوڑے گئے ہوں گے، جو رات میں ہوا کے رخ کے ساتھ ہندوستانی پنجاب کی سرحد میں داخل ہو گئے۔

کلانور تھانے کو اس کی اطلاع ملتے ہی پولیس اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے۔ درخت پر لٹکے پاکستانی پرچم اور غباروں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ اس سلسلے میں تھانہ انچارج کلانور جتندر پال نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تھی۔ انہوں نے تصدیق کی کہ پولیس نے برآمد شدہ سامان کو قبضے میں لے لیا ہے اور معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande