
جموں، 15 اگست(ہ س)۔
ضلع کشتواڑ کے دکشن علاقے میں ہفتہ کے روز ایک المناک سڑک حادثے میں مہندرا اسکارپیو گاڑی دریائے چناب میں جاگری، جس کے نتیجے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔حکام کے مطابق اسکارپیوگاڑی نمبر ایچ آر 29اے جی -0648 ڈنگڈورو سے سوندر کی طرف جارہی تھی۔ یائنوان، ڈانگڈورو کے مقام پر تقریباً 10:45 بجے گاڑی اچانک سڑک سے پھسل گئی اوردریائے چناب میں جا گری۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اسٹیشن دکشن کی ٹیم، مقامی افراد اور دیگر اہلکار موقع پر پہنچے اورفوری طورپرتلاشی و بچاؤ کارروائی شروع کی۔حکام نے بتایا کہ اب تک حادثے کے مقام سے پانچ لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں۔ تاہم گاڑی میں حادثے کے وقت کتنے افراد سوار تھے، اس بارے میں ابھی واضح معلومات نہیں مل سکی ہیں۔متوفین کی شناخت کا عمل جاری ہے، جبکہ پولیس اور ریسکیو ٹیموں کی جانب سے مزید افراد کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔ پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر