
علی گڑھ, 04 جولائی (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے انٹرڈسپلینری بایوٹکنالوجی یونٹ کے ریسرچ اسکالر مرتضیٰ حسین کو 14 ویں آن لائن گلوبل کانگریس آن فوڈ سائنس اینڈ نیوٹریشن میں ینگ سائنٹسٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔
پروفیسر وسیم احمد صدیقی کی نگرانی میں ریسرچ کرنے والے مرتضیٰ حسین کو یہ اعزاز کانفرنس مائنڈ (دی نالج ایکسچینج) کی جانب سے منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس میں ان کی نمایاں سائنسی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔
انہوں نے ٹائپ 2 ذیابیطس کی پیچیدگیوں کی روک تھام میں غذاؤں اور حیاتیاتی مرکبات کے کردارپر مبنی اپنا تحقیقی مقالہ پیش کیا، جس میں ٹیکسیفولین، یوکلیپٹول اور کوئرسیٹن جیسے حیاتیاتی طور پر مؤثر مرکبات کی طبی صلاحیت کو اجاگر کیا گیا۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ یہ مرکبات ذیابیطس سے وابستہ پیچیدگیوں کے دوران پیدا ہونے والے آکسیڈیٹیو اسٹریس اور ورم کو کم کرنے میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ