اے ایم یو سنٹر ملاپورم نے بہار میں قانونی بیداری کیمپ منعقد کئے
علی گڑھ, 04 جولائی (ہ س)۔۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سنٹر ملاپورم، کیرالہ کے شعبہ قانون کے قانونی امداد سیل نے 28 جون تا 2 جولائی بہار کے ضلع پورنیہ اور ارریہ میں پانچ روزہ قانونی بیداری مہم منعقد کی۔ یہ مہم ضلع پورنیہ اور ضلع ارریہ کی ضلعی قانونی
قانونی بیداری


علی گڑھ, 04 جولائی (ہ س)۔۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سنٹر ملاپورم، کیرالہ کے شعبہ قانون کے قانونی امداد سیل نے 28 جون تا 2 جولائی بہار کے ضلع پورنیہ اور ارریہ میں پانچ روزہ قانونی بیداری مہم منعقد کی۔ یہ مہم ضلع پورنیہ اور ضلع ارریہ کی ضلعی قانونی خدمات اتھارٹیوں کے اشتراک سے چلائی گئی۔

اس مہم کے دوران دونوں اضلاع میں 8 قانونی بیداری کیمپ منعقد کیے گئے، جن میں ہر ضلع میں 4 کیمپ لگائے گئے۔ ان کا ہدف محروم اور پسماندہ طبقات کے درمیان قانونی بیداری کو فروغ دینا تھا۔ پورنیہ کے چھترا، ڈگروا میں مہم کا افتتاح بائسی کے رکن اسمبلی مسٹر غلام سرور نے کیا، جبکہ اختتامی تقریب جلال گڑھ، ارریہ کے پوتھیا پنچایت بھون میں منعقد ہوئی، جس میں ضلع ارریہ کے ضلعی استغاثہ افسر مسٹر امیتابھ سدھارتھ امیتابھ بطور خاص موجود تھے۔

اس مہم کی قیادت اے ایم یو سنٹر ملاپورم کے طالب علم محمد نجیب عالم نے کی، جبکہ دانش خورشید، محمد آفتاب عالم، عابداللہ اور جاویریہ تنویر نے تعاون کیا۔ بیداری کیمپوں میں ایف آئی آر درج کرانے، مفت قانونی امداد، حق اطلاعات قانون (آر ٹی آئی)، سائبر فراڈ، منشیات کے استعمال کی روک تھام، نیز زمین کے داخل خارج اور جمع بندی سے متعلق قانونی مسائل پر عوام کو آگاہ کیا گیا۔

یہ مہم سنٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر ایم شاہ الحمید کی سرپرستی میں منعقد ہوئی ، جبکہ کورس کوآرڈنیٹر ڈاکٹر شاہنواز احمد ملک اور لیگل ایڈ سیل کی چیئرپرسن ڈاکٹر نسیمہ پی کے کی رہنمائی حاصل رہی۔ مہم کی کامیابی میں ٹیچر انچارج ڈاکٹر عظمت علی، ڈاکٹر شیلی وکٹر اور ڈاکٹر دیبا خانم نے بھی بھرپور تعاون کیا۔

اے ایم یو سنٹرز کے کوآرڈنیٹر پروفیسر محمد طارق نے مہم کے منتظمین کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یونیورسٹی کے مراکز اس نوعیت کے فلاحی اور سماجی بیداری کے پروگرام مسلسل منعقد کرتے رہیں گے۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande