لداخ میں جمہوری نظام کو مزید مضبوط بنانے کی سمت لداخ کے نمائندوں اور مرکز کے درمیان مثبت پیشرفت
جموں, 04 جولائی (ہ س)۔ لداخ میں جمہوری نظام کو مزید مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وزارتِ داخلہ (ایم ایچ اے) اور لداخ کے نمائندوں نے مرکز کے زیر انتظام علاقے کی سطح پر ایک بااختیار منتخب ادارہ قائم کرنے پر اصولی اتفاق کیا ہے، جسے
لداخ میں جمہوری نظام کو مزید مضبوط بنانے کی سمت لداخ کے نمائندوں اور مرکز کے درمیان مثبت پیشرفت


جموں, 04 جولائی (ہ س)۔ لداخ میں جمہوری نظام کو مزید مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وزارتِ داخلہ (ایم ایچ اے) اور لداخ کے نمائندوں نے مرکز کے زیر انتظام علاقے کی سطح پر ایک بااختیار منتخب ادارہ قائم کرنے پر اصولی اتفاق کیا ہے، جسے انتظامی، مالیاتی اور قانون سازی کے اختیارات حاصل ہوں گے۔یہ اتفاق رائے ہائی پاورڈ کمیٹی (ایچ پی سی) کی ذیلی کمیٹی کے 22 مئی کو نئی دہلی میں منعقدہ اجلاس کے منٹس کو لیہہ میں حتمی شکل دینے کے بعد سامنے آیا۔ لیہہ ایپکس باڈی کے چیئرمین چیرنگ درجے لکروک نے اجلاس کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ روزگار، لداخ پبلک سروس کمیشن، لداخ ایڈمنسٹریٹو سروس اور لداخ پولیس سروس جیسے اہم معاملات پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ لیہ ایپکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس ماہرین سے مشاورت کے بعد حکومت کو اپنی سفارشات پیش کریں گے، جبکہ مرکزی حکومت بھی اپنا مسودہ تیار کرے گی۔

اجلاس کے منٹس کے مطابق شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اگرچہ لداخ کو ریاست کا درجہ دینا عوام کا طویل مدتی مطالبہ ہے، تاہم فی الحال ایک خصوصی طرز کے منتخب ادارے کے قیام کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ اس ادارے کو انتظامی، مالیاتی اور قانون سازی کے اختیارات حاصل ہوں گے اور متعلقہ محکموں کی بیوروکریسی بھی اسی منتخب ادارے کے سامنے جوابدہ ہوگی۔

اجلاس میں آرٹیکل 371 کے تحت آئینی تحفظات، پنچایتی راج اداروں کے ساتھ اختیارات کی تقسیم، لداخ ایڈمنسٹریٹو سروس اور لداخ پولیس سروس کے قیام، ریاستی درجے، چھٹے شیڈول میں شمولیت اور 24 ستمبر 2025 کے بعد درج مقدمات واپس لینے جیسے مطالبات پر بھی غور کیا گیا۔

ادھر کرگل ڈیموکریٹک الائنس کے شریک چیئرمین اصغر علی کربلائی نے کہا کہ سماجی کارکن سونم وانگچک کی بھوک ہڑتال کے بعد ہی مرکز نے لداخ کے نمائندوں کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت کی۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر لیہہ ایپکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس کے نمائندے نئی دہلی جا کر بھی اپنے مطالبات کے حق میں آواز بلند کریں گے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande