
علی گڑھ, 04 جولائی (ہ س)
علی گڑھ، 4 جولائی: ہیوسٹن یونیورسٹی، امریکہ کے کالج آف فارمیسی کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ سلیم اور جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ ریڈیوتھیریپی کے پروفیسر محمد اکرم کی قیادت میں مشترکہ تحقیقی پروجیکٹ کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا جو دسمبر 2025 میں دونوں اداروں کے درمیان طے پانے والی یادداشت مفاہمت کے تحت علمی شراکت داری میں ایک اہم سنگ میل ہے۔
‘‘سرطان کے مریضوں کے تیمارداروں میں نگہداشت کا بوجھ، معیارِ زندگی اور ادراکی حساسیت: ہندوستان سے ایک مطالعہ’’ کے عنوان سے کیے گئے اس مطالعہ میں متعلقہ کنبہ کے 100 تیمارداروں پر سرطان کے مریضوں کی نگہداشت کے نفسیاتی، سماجی اور ادراکی اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں اس منصوبے کے کلینیکل حصے کی قیادت پروفیسر محمد اکرم اور ڈاکٹر سمرین ظہیر نے کی، جبکہ نفسیاتی اسسمنٹ کی ذمہ داری اے ایم یو کے شعبہ نفسیات کی ڈاکٹر سارہ جاوید نے سنبھالی۔ اس تحقیقی منصوبے میں طالب علم محققین ڈاکٹر آفرین خانم، آفرین کمال فاروقی، ڈاکٹر عامر، محمد عارم، عظمیٰ فاطمہ، علینہ زیدی، عدینہ سہیل اور محمد صمام نے بھی خدمات انجام دیں۔ ہیوسٹن یونیورسٹی کی ٹیم میں ڈاکٹر ثمینہ سلیم، ڈاکٹر فاٹن اٹروز اور پروفیسر سوسان ابوغوث شامل تھے۔
یہ ریسرچ پروجیکٹ ہیوسٹن یونیورسٹی کے گلوبل فیکلٹی ڈیولپمنٹ ایوارڈ کی معاونت سے مکمل کیا گیا۔ توقع ہے کہ اس تحقیق سے سرطان کے مریضوں کی نگہداشت کرنے والوں کو درپیش مسائل کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملے گی، نیز سرطان کی نگہداشت، ذہنی صحت اور عالمی صحت کے شعبوں میں دونوں یونیورسٹیز کے درمیان مشترکہ تحقیق کو مزید فروغ ملے گا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ