
نئی دہلی، 3 جولائی (ہ س) راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) نے ایودھیا کے رام جنم بھومی مندر میں نذرانہ کی چوری کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے قصورواروں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ سنگھ نے مندر کا انتظام کرنے والے شری رام جنم بھومی تیرتھ کھیتر ٹرسٹ کو یاد دلایا کہ ہندو برادری فطری طور پر انتظامیہ اور کاموں میں کسی بھی قسم کی کوتاہیوں کو دور کرنے کی توقع رکھتی ہے۔
جمعہ کو ایک ویڈیو پیغام میں، آر ایس ایس سرکاریہواہ (جنرل سکریٹری) دتاتریہ ہوسبالے نے کہا کہ رام مندر کے چندہ بکسوں میں جمع ہونے والی رقم کی چوری افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ سے پورے سماج اور بھگوان رام کے بھکتوں کے جذبات اور اعتقاد کو ٹھیس پہنچی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سنگھ، پوری ہندو برادری کے ساتھ، ٹرسٹ سے توقع کرتا ہے کہ وہ اس انتہائی قابل مذمت واقعہ کو ایک غیر معمولی معاملہ سمجھے گا اور اسے سنجیدگی سے لے گا، ساتھ ہی تمام آپریشنل اور انتظامی خامیوں کو دور کرنے کے لیے بھی اقدامات کرے گا۔ رام مندر میں لاکھوں عقیدت مندوں کا عقیدہ اور یقین اٹوٹ اور ثابت قدم رہنا چاہیے۔ موجودہ کنفیوژن اور غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ ضروری ہے۔ ہوسبالے نے مزید کہا، اس سلسلے میں، ہم مندر انتظامیہ اور انتظامیہ کی طرف سے تشکیل دی گئی خصوصی تحقیقاتی ٹیم سے تمام ضروری اقدامات کرنے کی توقع کرتے ہیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ شری رام جنم بھومی تیرتھ کھیترا ٹرسٹ مالیاتی انتظام اور ہموار کارروائیوں کے لیے ایک شفاف نظام قائم کرکے ہندو سماج کے اعتقاد اور اعتماد کو مضبوط کرے گا، ساتھ ہی شفافیت اور تقدس پرمبنی مذہبی ماحول کو فروغ دے گا۔
انہوں نے کہا کہ سنگھ پورے ہندو سماج سے اس مشکل گھڑی میں ضروری صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کا بھی مطالبہ کرتا ہے۔ اس کے علاوہ ، انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ ہندو مخالف اور ملک دشمن طاقتوں کی سازشوں کو ناکام بنائیں- جو اس افسوسناک واقعہ کا فائدہ اٹھا کر ہندو مذہب اور سماج کو بدنام کرنا چاہتے ہیں۔
سرکاریواہ ہوسبالے نے کہاکہ رام جنم بھومی پر بنایا گیا عظیم الشان مندر کئی نسلوں کی جدوجہد اور کروڑوں رام بھکتوں کی لگن، ایثار اورقربانی کی وجہ سے پورے ہندو سماج کے لیے عقیدت، ا یقان اور اعتقاد کا مرکز بن گیا ہے۔ ٹرسٹ کی درخواست پر، اتر پردیش حکومت نے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی ) تشکیل دی اور اس کی سفارشات کی بنیاد پر قانونی کارروائی شروع کی ہے۔ یہ یقینی بنانا ضروری ہے کہ تحقیقات کے دوران جو بھی قصوروار پایا جائے اسے سخت سزا ملنی چاہئے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی