
سورت،26جولائی( ہ س)۔جنوبی گجرات میں حالیہ موسلادھار بارشوں کے باعث نوَساری، وَلساڈ اور دیگر علاقوں میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) نے متاثرہ خاندانوں کی امداد کے لیے بڑے پیمانے پر ریلیف مہم شروع کر دی ہے۔بی جے پی گجرات کے ریاستی صدر جگدیش وشوکرما نے سورت کے اُدھنا علاقے میں واقع پارٹی دفتر سے راشن اور دیگر ضروری امدادی سامان سے بھرے متعدد امدادی ٹرک نوَساری اور وَلساڈ کے لیے روانہ کیے۔
پارٹی کے ریاستی جنرل سیکریٹری پرشانت کوراٹ کے مطابق گزشتہ رات چار گاڑیاں امدادی سامان لے کر روانہ کی گئی تھیں، جبکہ اتوار کے روز مزید تین گاڑیاں متاثرہ علاقوں کے لیے بھیجی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی صدر جگدیش وشوکرما دو روزہ دورے پر جنوبی گجرات میں موجود ہیں، جہاں انہوں نے اُمرگام، پارڈی، واپی، وَلساڈ اور نوَساری کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا، متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف کارکنوں کی حوصلہ افزائی کی۔
بی جے پی نے سورت سے مجموعی طور پر 15 ہزار راشن کٹس تیار کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ ہر 15 کلوگرام وزنی راشن کٹ میں روزمرہ استعمال کی ضروری اشیائے خورونوش شامل ہیں۔ اب تک 3,500 راشن کٹس تیار کر کے روانہ کی جا چکی ہیں، جن میں 2,500 کٹس وَلساڈ اور 1,100 کٹس نوَساری کے لیے بھیجی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ دونوں اضلاع کے لیے 5 ہزار کمبل، ترپال اور کپڑے بھی روانہ کیے جا رہے ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو بارش اور خراب موسم سے تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
سیلاب کے باعث متعدد طلبہ کی کتابیں، کاپیاں اور دیگر تعلیمی سامان بھی ضائع ہو گیا ہے۔ اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے بی جے پی نے طلبہ کے لیے خصوصی اسٹوڈنٹ کٹس تیار کی ہیں، جن میں نوٹ بکس، کاپیاں اور دیگر تعلیمی لوازمات شامل ہیں، تاکہ بچوں کی تعلیم متاثر نہ ہو۔
پارٹی کے مطابق جن علاقوں میں لوگوں کے گھریلو سامان کو شدید نقصان پہنچا ہے، وہاں بی جے پی کارکنوں نے اجتماعی لنگر اور کمیونٹی کچن قائم کیے ہیں، جہاں متاثرہ افراد کو روزانہ دو وقت گرم کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔بی جے پی نے اپنے بیان میں کہا کہ’سیوا ہی سنگٹھن‘کے عزم کے تحت پارٹی کے کارکن دن رات سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں۔اس موقع پر ریاستی صدر جگدیش وشوکرما کے ہمراہ ریاستی جنرل سیکریٹری پرشانت کوراٹ، شہر کے جنرل سیکریٹری کرسن گونڈالیا، درگا پرساد پانڈے، وِرل گلیتو والا اور بڑی تعداد میں پارٹی کارکن بھی موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan