
ایپل میوزک کی سبسکرپشن فیس میں اضافہ، ہندوستان سمیت کئی ممالک میں نئی قیمتیں نافذممبئی، 20 جولائی (ہ س)۔ ایپل نے اپنی مقبول میوزک اسٹریمنگ سروس ایپل میوزک کی سبسکرپشن فیس میں اضافہ کر دیا ہے۔ نئی قیمتیں ہندوستان، امریکہ، برطانیہ، یورپ اور دیگر کئی ممالک میں نافذ کر دی گئی ہیں۔ چند روز قبل میک اور آئی پیڈ کے لیے ایپل کیئر پلس کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کے بعد کمپنی نے اب ایپل میوزک اور منتخب ایپل ون بنڈلز کی قیمتیں بھی بڑھا دی ہیں۔ کمپنی کے مطابق میوزک لائسنسنگ کی بڑھتی ہوئی لاگت اس فیصلے کی بنیادی وجہ ہے۔ایپل نے تقریباً چار برس بعد دنیا بھر میں ایپل میوزک کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔ اس سے قبل اکتوبر 2022 میں سبسکرپشن نرخ بڑھائے گئے تھے۔ بھارت میں یہ دوسرا موقع ہے جب ایپل میوزک کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے 2024 کے آخر میں انفرادی پلان کی قیمت 99 روپے سے بڑھا کر 119 روپے کی گئی تھی، جبکہ اب صارفین کو اسی پلان کے لیے ہر ماہ 139 روپے ادا کرنے ہوں گے۔ چھ افراد کے لیے دستیاب فیملی پلان کی ماہانہ قیمت اب 229 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ طلبہ کے لیے اسٹوڈنٹ پلان 69 روپے ماہانہ میں دستیاب ہوگا۔ اس کے علاوہ ایپل ون بنڈل کی ابتدائی قیمت بھی بڑھا کر 195 روپے کر دی گئی ہے۔امریکہ میں بھی ایپل میوزک کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ انفرادی پلان کی قیمت 10.99 امریکی ڈالر سے بڑھا کر 11.99 ڈالر کر دی گئی ہے، جبکہ فیملی پلان 16.99 ڈالر سے بڑھ کر 19.99 ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ اسٹوڈنٹ پلان کی قیمت بھی 5.99 ڈالر سے بڑھا کر 6.99 ڈالر کر دی گئی ہے۔ اسی طرح امریکہ میں ایپل ون فیملی اور پریمیئر پلانز کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، تاہم انفرادی ایپل ون ٹائر کی قیمت 19.95 ڈالر پر برقرار رکھی گئی ہے۔قیمتوں میں اضافے کے باوجود ایپل میوزک اپنے اہم حریف اسپاٹی فائی کے مقابلے میں اب بھی نسبتاً سستا متبادل سمجھا جا رہا ہے۔ اسپاٹی فائی نے رواں سال کے آغاز میں امریکہ میں اپنے پریمیم پلان کی قیمت بڑھا کر 12.99 امریکی ڈالر کر دی تھی۔ اسی طرح یوٹیوب میوزک نے بھی اپریل میں اپنے انفرادی پلان کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا، جس کے بعد اس کے نرخ ایپل میوزک کے قریب پہنچ گئے ہیں، تاہم بھارت میں یوٹیوب میوزک اب بھی میوزک اسٹریمنگ پلیٹ فارمز میں نسبتاً سب سے کم قیمت والا متبادل تصور کیا جاتا ہے۔ادھر سبسکرپشن فیس میں اضافے کے باوجود ایپل نے یہ واضح نہیں کیا ہے کہ بڑھنے والی آمدنی میں سے فنکاروں کو زیادہ معاوضہ ملے گا یا نہیں۔ کمپنی کی جانب سے اس بارے میں کوئی تفصیل جاری نہ کیے جانے پر متعدد سبسکرائبرز نے اس فیصلے پر سوالات اٹھائے ہیں۔ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے