
بہرائچ، 17 جولائی (ہ س) ۔اتر پردیش کے بہرائچ میں ایک مگرمچھ 12 سالہ لڑکے کو زندہ کھا گیا۔ اس واقعہ سے اس کے گھر ماتم پسر گیا۔ گاؤں والوں میں خوف و ہراس کی کیفیت ہے۔ لڑکا اپنے کھیت میں دھان کی روپائی کرنے کے بعد ندی میں ہاتھ پاؤں دھو رہا تھا، تب ہی ندی میں ایک مگرمچھ نے اس کا سر اپنے جبڑوں میں پکڑ لیا۔ لڑکے نے خود کو چھڑانے کی بھرپور کوشش کی۔ موقع پر موجود اس کے چچا اور دوسرے گاؤں والوں نے مگرمچھ پر اینٹیں اور پتھر بھی پھینکے لیکن مگرمچھ نے بچے کو نہیں چھوڑا۔ اس نے دو تین بار بچے اچھال کر پانی میں پھینکا، پھر اسے گھسیٹ کر گہرے پانی میں لے گیا۔ یہ واقعہ جمعرات کی شام کو پیش آیا اور اس واقعے کی ایک ویڈیو جمعہ کو منظر عام پر آئی۔ تھانہ انچارج ٹی این موریہ نے واقعے کی تصدیق کی ہے، جب کہ فاریسٹ رینجر شکیب انصاری نے بتایا کہ مگرمچھ نے لڑکے کی دائیں ٹانگ اور کمر کے نچلے حصے کو کھا گیا۔ یہ واقعہ بونڈی تھانہ علاقہ میں پیش آیا۔ گاؤں والوں کے مطابق، 12 سالہ سنیل دوپہر دو بجے کے قریب اپنے چچا وجے راج سنگھ کے ساتھ اپنے کھیت میں دھان روپائی کرنے گیا تھا۔ دیر شام کھیت سے واپس آتے وقت وہ گھاگھرا ندی میں ہاتھ پاؤں دھونے لگا۔ اچانک دریا سے ایک مگرمچھ نکلا اور سنیل کو کھا گیا۔ یہ دیکھ کر اس کے چچا نے شور مچایا تو آس پاس کے گاو¿ں والے جائے وقوعہ پر پہنچے اور بچے کو چھڑانے کی پوری کوشش کی لیکن اس نے بچے کو نہیں چھوڑا۔ گاؤں والوں نے دریا میں تلاش شروع کی لیکن بہاو زیادہ ہونے کی وجہ سے بچے کا پتہ نہیں چل سکا۔ تقریباً پانچ گھنٹے کی سخت مشقت کے بعد تلاشی مہم میں رات دس بجے بچے کی لاش بری حالت میں واقعہ کی جگہ سے تقریباً 300میٹر کے فاصلے پر تیرتی ملی۔ اطلاع ملنے پر جمعہ کو پہنچی پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ سب ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ پرکاش سنگھ نے کہا کہ سینئر حکام کو واقعہ کی اطلاع دے دی گئی ہے۔ خاندان کو 4 لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد