
ممبئی، 28 جون (ہ س)۔ مہاراشٹر کے ضلع چندرپور میں اتوار کی صبح سمردھی ہائی وے پر دو گاڑیوں کے درمیان پیش آئے ایک المناک سڑک حادثے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ واقعے کی تحقیقات ہائی وے پولیس کر رہی ہے۔ تحقیقات سے وابستہ پولیس افسر نے بتایا کہ چندرپور شہر کے بابوپیٹھ علاقے میں ڈی ایڈ کالج کے قریب رہنے والا جیونے خاندان ایک خاندانی تقریب میں شرکت کے لیے ویگن آر کار کے ذریعے اکولہ جا رہا تھا۔ جب ان کی گاڑی دھامن گاؤں تعلقہ میں سمردھی ہائی وے کے چینج نمبر 106 کے قریب پہنچی تو بے قابو ہو کر سڑک کنارے کھڑے ایک کنٹینر سے جا ٹکرائی۔حادثہ اس قدر شدید تھا کہ کار میں سوار تمام افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ مرنے والوں کی شناخت آرتی جیونے (40)، بھاسکر جیونے (57)، مہادیو جیونے (42)، لتا جیونے (43) اور تریشا جیونے (12) کے طور پر ہوئی ہے۔ تمام متوفیان بابوپیٹھ، چندرپور کے رہائشی تھے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ہائی وے پولیس، مقامی پولیس، ایمبولینس اور ہنگامی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ امدادی اہلکاروں نے کافی جدوجہد کے بعد کار میں پھنسے ہوئے افراد کی لاشیں باہر نکالیں اور پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری اسپتال منتقل کر دیں۔ابتدائی تحقیقات میں پولیس کا کہنا ہے کہ تیز رفتاری کے باعث گاڑی پر سے ڈرائیور کا کنٹرول ختم ہوگیا، جس کے نتیجے میں کار سڑک کنارے کھڑے کنٹینر سے جا ٹکرائی۔ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے