بیڑ میں زمین حصولیابی اور معاوضہ گھوٹالہ، سابق ضلع کلکٹر گرفتار
بیڑ ، 7 مئی (ہ س) مہاراشٹر کے بیڑ ضلع میں قومی شاہراہ کے لیے زمین حصولیابی اور معاوضے سے متعلق کروڑوں روپے کے مبینہ گھوٹالے کے معاملے میں اُس وقت بڑی پیش رفت سامنے آئی جب سابق ضلع کلکٹر اویناش پاٹھک کو پولیس نے لاتور سے گرفتار کر لیا۔ اس معاملے
Crime Land Acquisition Scam


بیڑ ، 7 مئی (ہ س) مہاراشٹر کے بیڑ ضلع میں قومی شاہراہ کے لیے زمین حصولیابی اور معاوضے سے متعلق کروڑوں روپے کے مبینہ گھوٹالے کے معاملے میں اُس وقت بڑی پیش رفت سامنے آئی جب سابق ضلع کلکٹر اویناش پاٹھک کو پولیس نے لاتور سے گرفتار کر لیا۔ اس معاملے کی جانچ خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کے ذریعے کی جا رہی ہے، جبکہ اس کارروائی کے بعد محکمہ مال میں ہلچل پیدا ہو گئی ہے۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ نونیت کاوت نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اویناش پاٹھک کو بیڑ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گرفتاری سے قبل ان سے پورے دن تفصیلی اور سخت پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ اس پورے معاملے میں اب تک دس افراد کے خلاف شیواجی نگر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا جا چکا ہے۔

تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی تھی کہ بیڑ ضلع میں قومی شاہراہ منصوبے کے تحت زمین حصولیابی اور معاوضے کی تقسیم میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں اور مالی بدعنوانیوں کے الزامات ہیں۔ انہی الزامات کی بنیاد پر ایس آئی ٹی مسلسل مختلف پہلوؤں کی جانچ کر رہی تھی۔ اس کیس میں سابق ضلع کلکٹر اویناش پاٹھک کا نام بھی شامل تھا، جس کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی کا دائرہ مزید وسیع ہو گیا تھا۔

اس معاملے کی ابتدائی تحقیقات پولیس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پوجا پوار کے سپرد تھیں، تاہم ان کے رخصت پر جانے کے بعد جانچ کی ذمہ داری ایم وینکٹ رام کو سونپی گئی۔ بعد ازاں ایس آئی ٹی نے کارروائی کرتے ہوئے اویناش پاٹھک کو لاتور سے حراست میں لے لیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کو جلد ہی بیڑ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں تفتیشی ادارے مزید ریمانڈ کی درخواست کر سکتے ہیں۔ اس معاملے میں زمین حصولیابی کے عمل، معاوضے کی تقسیم اور سرکاری ریکارڈ سے متعلق کئی اہم دستاویزات کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔

یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد ریاست کے محکمہ مال اور انتظامی حلقوں میں بھی تشویش پائی جا رہی ہے، کیونکہ اس گھوٹالے میں سرکاری افسران اور دیگر متعلقہ افراد کے کردار کی بھی چھان بین جاری ہے۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande