3000 کروڑ روپے کے ہیرا گروپ گھوٹالے کی کلیدی ملزم نوہیرا شیخ گروگرام میں گرفتار
گروگرام، 23 مئی (ہ س):۔ ہیرا گروپ سرمایہ کاری گھوٹالہ میں ایک بڑی کارروائی میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ہیرا گروپ کی سربراہ نوہیرا شیخ کو گروگرام، ہریانہ سے گرفتار کیا۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے مطابق، نوہیرا شیخ کو 21 مئی کو دیر گ
3000 کروڑ روپے کے ہیرا گروپ گھوٹالے کی کلیدی ملزم نوہیرا شیخ گروگرام میں گرفتار


گروگرام، 23 مئی (ہ س):۔

ہیرا گروپ سرمایہ کاری گھوٹالہ میں ایک بڑی کارروائی میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ہیرا گروپ کی سربراہ نوہیرا شیخ کو گروگرام، ہریانہ سے گرفتار کیا۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے مطابق، نوہیرا شیخ کو 21 مئی کو دیر گئے گروگرام کے سیکٹر 45 میں ایک ایئر بی این بی پراپرٹی پر مشترکہ کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ گرفتاری کے بعد انہیں حیدرآباد لے جایا گیا۔ ای ڈی کی تحقیقات تلنگانہ اور آندھرا پردیش پولیس کے ذریعہ درج کئی ایف آئی آر کی بنیاد پر شروع کی گئی تھی۔ ان معاملات میں، نوہیرہ شیخ، مولی تھامس، بیجو تھامس، اور ہیرا گروپ آف کمپنیز پر ملک بھر کے سرمایہ کاروں کو دھوکہ دینے کا الزام ہے۔ تحقیقاتی ایجنسی کا دعویٰ ہے کہ ہیرا گروپ نے سرمایہ کاری اسکیموں کے ذریعے 100,000 سے زیادہ لوگوں سے 3,000 کروڑ روپے اکٹھے کیے ہیں۔

حکام کے مطابق سرمایہ کاروں کو 35 سے 36 فیصد سالانہ ریٹرن کے وعدوں سے لالچ دیا گیا لیکن نہ تو وعدہ کیا گیا منافع اور نہ ہی اصل رقم واپس کی گئی۔ ای ڈی کا الزام ہے کہ سرمایہ کاروں سے جمع کی گئی رقم کو ذاتی کھاتوں میں منتقل کیا گیا اور منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادوں کی خریداری کے لیے استعمال کیا گیا۔

ای ڈی کے مطابق، اس معاملے میں تقریباً 122 کروڑ روپے کی جائیدادیں پہلے ہی نیلام ہو چکی ہیں۔ 8 اپریل 2026 کو سپریم کورٹ نے نوہیرہ شیخ کو ایک ہفتے کے اندر خود سپردگی کرنے اور 16 نیلامی کی گئی جائیدادوں کے لیے دو ماہ کے اندر سیل ڈیڈ کرنے کا حکم دیاتھا۔

تاہم ایجنسی کا الزام ہے کہ نوہیرہ شیخ نے نیلامی کے عمل میں تعاون نہیں کیا اور کارروائی میں رکاوٹیں ڈالتی رہیں۔ بعد ازاں عدالت نے ان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیئے۔ ای ڈی نے حیدرآباد اور بنگلورو میں تلاشی لی جہاں یہ اطلاع ملی کہ وہ جعلی دستاویزات اور فرضی شناخت کا استعمال کرتے ہوئے گروگرام میں چھپی ہوئی ہے۔ تحقیقات سے پتہ چلا کہ وہ اپنے ساتھی سمیر خان کے ساتھ مل کر شیخ خمار کے نام پر فرضی آدھار کارڈ استعمال کر رہی تھی۔

ای ڈی نے یہ بھی کہا کہ کلیان بنرجی نامی شخص کو اس سال جنوری میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے نوہیرہ شیخ کے کہنے پر وکیل ظاہر کرتے ہوئے ای ڈی کی نیلامی کے عمل میں رکاوٹ ڈالی۔ ایجنسی فی الحال معاملے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande