

بارہ بنکی میں ڈمپر نے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کو کچل دیا، چار ہلاک
بارہ بنکی، 23 مئی (ہ س)۔ اترپردیش میں بارہ بنکی ضلع کے فتح پور تھانہ علاقے میں واقع جھانسا گاوں میں جمعہ کی دیر رات ہوئے سڑک حادثے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کی موت ہو گئی۔ حادثے میں زخمی ایک خاتون کی حالت تشویشناک ہے۔ اطلاع ملنے پر پہنچی پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج کر معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔
سی او فتح پور جگت رام کنوجیا نے ہفتہ کے روز بتایا کہ متوفی نیرج کرائے پر میجک (گاڑی) چلا کر خاندان کی پرورش کرتا تھا۔ اس کے خاندان میں بیوی آرتی، بیٹا انوراگ، انشو اور بیٹی انشیکا تھی۔ اہل خانہ اور لوگوں سے معلوم ہوا ہے کہ جمعہ کی رات کھانا پینا کھا کر سب گھر میں سو رہے تھے۔ اچانک رات میں بجلی کٹ گئی تو نیرج پورے خاندان کو لے کر سڑک کے کنارے سو گیا۔ رات تقریباً 2 بجے تیز رفتار بے قابو ڈمپر نے پہلے سڑک کنارے کھڑے درخت میں زوردار ٹکر ماری، پھر باہر سو رہے خاندان کو کچل دیا۔
چیخ و پکار سن کر گاوں والے دوڑے اور زخمیوں کو ضلع اسپتال پہنچایا۔ حادثے کے بعد ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ پولیس نے ڈمپر کو قبضے میں لے کر ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔ ایک ہی خاندان کے چار افراد کی موت سے گاوں میں ماتم چھا گیا ہے۔ وہیں، آرتی کی حالت نازک ہونے پر انہیں ڈاکٹر رام منوہر لوہیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز لکھنو ریفر کیا گیا ہے۔ پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن