
دیواس، 05 اپریل (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے دیواس ضلع میں اتوار کی صبح ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ آشٹہ-کنود روڈ پر سیا گھاٹ کے قریب بھوسے سے بھرے منی ٹرک اور ٹورسٹ بس کے درمیان زوردار ٹکر ہو گئی۔ اس حادثے میں بس میں سوار 30 سے زائد مسافر زخمی ہو گئے، جبکہ دونوں گاڑیوں کے ڈرائیور شدید زخمی ہوئے ہیں۔
حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر افراتفری مچ گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ منی ٹرک کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو کر پلٹ گیا، وہیں بس کا اگلا حصہ بھی بری طرح ٹوٹ گیا۔
معلومات کے مطابق، ٹورسٹ بس میں اتر پردیش کے میرٹھ کے مسافر سوار تھے۔ تمام مسافر اونکاریشور میں درشن کرنے کے بعد سیہور میں واقع کبیر یشور دھام جا رہے تھے۔ وہاں قیام کے بعد انہیں واپس میرٹھ لوٹنا تھا۔
بس میں سوار مسافر پلکت گرگ نے بتایا کہ اونکاریشور سے نکلنے کے بعد کبیر یشور دھام سیہور پہنچنا تھا۔ راستے میں صبح کے وقت بس ڈرائیور کو نیند کی جھپکی آ گئی، جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ زیادہ تر مسافر اس وقت سو رہے تھے اور اچانک ہونے والی ٹکر سے زخمی ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی کنود سے طبی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو فوری طبی امداد دی گئی۔ دونوں ڈرائیوروں کی حالت تشویشناک ہونے پر ابتدائی علاج کے بعد انہیں اندور ریفر کر دیا گیا۔ راحت کی بات یہ ہے کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے اور کسی بھی مسافر کو شدید چوٹ نہیں آئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن