
کریٹ، 30 اپریل (ہ س)۔ اسرائیل کے دفاعی دستوں نے امدادی سامان لے کر غزہ جا رہے جہازوں کے ایک بڑے بیڑے کو یونانی جزیرے کریٹ کے پاس بین الاقوامی سمندری حدود میں آگے بڑھنے سے روک دیا ہے۔ اقوام متحدہ میں اسرائیل کے ایلچی ڈینی ڈینن نے اس کی تصدیق کی ہے۔ ڈینی ڈینن نے ایکس پر کہا کہ ’’جہازوں کے بیڑے کو اسرائیل کے علاقے میں پہنچنے سے پہلے ہی روک دیا گیا ہے‘‘۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، ایلچی ڈینن نے کہا کہ اسرائیلی فوجیوں نے پوری ثابت قدمی کے ساتھ کام کیا ہے۔ اس دوران فریڈم فلوٹیلا گروپ (گلوبل صمود فلوٹیلا) نے اسرائیل کی وارننگ کی ریکارڈنگ جاری کی ہے۔ گروپ کا کہنا ہے کہ یہ وارننگ ان کے غزہ جا رہے جہازوں کے لیے جاری کی گئی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ امدادی سامان لے کر غزہ کی جانب جانے کی کوئی بھی مزید کوشش آپ کی سلامتی کو خطرے میں ڈال دے گی۔ اسرائیلی فوج کے پاس قانونی سمندری حفاظتی ناکہ بندی کو نافذ کرنے کے لیے تمام آپشنز موجود ہیں۔
وارننگ میں کہا گیا ہے کہ ’’غزہ پٹی کی قانونی سمندری حفاظتی ناکہ بندی کو توڑنے کی کوششیں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی تصور کی جائیں گی۔ اگر آپ انسانی امداد لے جا رہے ہیں، تو آپ کو اشدود بندرگاہ پر جانے کی دعوت دی جاتی ہے، جہاں امداد کی حفاظتی جانچ کی جائے گی اور اس کے بعد اسے غزہ پٹی بھیج دیا جائے گا‘‘۔
اس سلسلے میں گلوبل صمود فلوٹیلا کے رابطہ عامہ افسر گر تسبار کا کہنا ہے کہ غزہ جا رہے انسانی امداد والے جہازوں کے قافلے پر اسرائیل کا حملہ بین الاقوامی قانون کے تحت غیر قانونی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ بین الاقوامی سمندری حدود میں عام شہریوں پر براہِ راست حملہ ہے۔ اسرائیل سے سینکڑوں میل دور نہتے شہریوں کی کشتیوں کو گھیرا جا رہا ہے اور بندوق کے زور پر دھمکایا جا رہا ہے۔ اس سمندری حدود میں اسرائیل کا کوئی اختیار نہیں ہے‘‘۔ تسبار نے دنیا بھر کی حکومتوں سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیڑے میں شامل 400 سے زیادہ لوگوں کی سلامتی بے حد ضروری ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ اسرائیل کی ناکہ بندی 2007 سے جاری ہے۔ اگرچہ 2008 کے بعد 2 کشتیاں اسرائیلی بحریہ کی ناکہ بندی کو توڑ کر غزہ پہنچنے میں کامیاب رہی تھیں، تب سے امداد لے جانے والی کوئی بھی کشتی غزہ نہیں پہنچ پائی ہے۔ 2010 میں تو اسرائیلی کمانڈوز نے ایسی کوشش کرنے والے ترکیہ کے 10 انسانی حقوق کے کارکنوں کو قتل کر دیا تھا۔ سی بی ایس نیوز کے مطابق 2 مئی، 2025 کو اسرائیل نے غزہ پٹی جا رہے اس گروپ کے ایک جہاز پر مالٹا کے ساحل پر بین الاقوامی سمندری حدود میں آدھی رات کو ڈرون سے حملہ کیا تھا۔ اس سے جہاز کو بڑا نقصان پہنچا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن