
حیدرآباد، 22 اپریل (ہ س)۔ حیدرآباد کے راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں منگل کو ابھشیک شرما کی دھماکہ خیز اننگز کی بدولت سن رائزرز حیدرآباد جیت گیا۔ آئی پی ایل 2026 کے 31 ویں میچ میں حیدرآباد کی ٹیم نے یکطرفہ انداز میں دہلی کو 47 رنوں سے شکست دی۔
حیدرآباد نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوور میں 242 رن بنائے، جس کے جواب میں دہلی کی ٹیم 195 رن ہی بنا سکی۔ حیدرآباد کی جیت کے ہیرو ابھشیک شرما رہے، جنہوں نے 68 گیندوں میں ناٹ آوٹ 135 رن بنائے۔ ابھشیک کے علاوہ ٹریوس ہیڈ نے 37، ایشان کشن نے 25 رنوں کی اننگز کھیلی۔ ہینرک کلاسن نے 13 گیندوں میں ناٹ آوٹ 37 رن بنائے۔
حیدرآباد میں ٹاس تو دہلی کے کپتان اکشر پٹیل نے جیتا لیکن بازی سن رائزرز حیدرآباد کے بلے بازوں نے ماری۔ حیدرآباد کو سلامی بلے باز ابھشیک شرما اور ٹریوس ہیڈ نے طوفانی آغاز فراہم کیا۔ خاص طور پر ابھشیک شرما پاور پلے میں دہلی کے گیند بازوں پر ٹوٹ پڑے۔ پاور پلے میں حیدرآباد نے 67 رن بنائے اور اس ٹیم کے پچاس رن محض 28 گیندوں میں پورے ہوئے۔ ابھشیک شرما کو اپنی نصف سنچری مکمل کرنے میں صرف 25 گیندیں لگیں۔ اس کے بعد ٹریوس ہیڈ کی وکٹ ضرور گری لیکن ابھشیک نہیں رکے۔ انہوں نے کپتان ایشان کشن کے ساتھ مل کر 35 گیندوں میں 79 رن جوڑے۔
ابھشیک نے دہلی کے اسپنرز کو نشانے پر لیا۔ انہوں نے نتیش رانا کے خلاف پانچ چھکے لگائے، ساتھ ہی انہوں نے کلدیپ یادو کی گیند پر بھی دو چھکے مارے۔ ابھشیک نے اپنی اننگز میں 10 چھکے اور 10 چوکے لگائے اور وہ آخری اوور کی آخری گیند تک آوٹ نہیں ہوئے۔ اس دوران کلاسن نے بھی تابڑ توڑ بلے بازی کرتے ہوئے 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 37 رن بنائے۔
دہلی کیپیٹلز کا آغاز اچھا نہیں رہا۔ پاتھم نسانکا 8 رن بنا کر آوٹ ہو گئے۔ لیکن اس کے بعد کے ایل راہل اور نتیش رانا نے اچھی شراکت داری کی۔ نتیش رانا نے 30 گیندوں میں 57 رنوں کی اننگز کھیلی۔ کے ایل راہل نے بھی 23 گیندوں میں 37 رن بنائے لیکن ان کھلاڑیوں کی بلے بازی دہلی کو جیت نہیں دلا سکی۔ حیدرآباد کے لیے ایشان ملنگا نے 4 اور ہرش دوبے نے 3 وکٹیں جھٹکیں۔ جبکہ ثاقب حسین اور مدھوشنکا کو 1-1 کامیابی ملی۔
حیدرآباد کی جیت اور دہلی کی شکست کے ساتھ ہی پوائنٹس ٹیبل میں بڑی تبدیلی آگئی ہے۔ حیدرآباد اب 7 میچوں میں 4 جیت کے ساتھ تیسرے نمبر پر قابض ہو گئی ہے، وہیں راجستھان رائلز چوتھے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ پنجاب پہلے اور آر سی بی دوسرے مقام پر ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن