
کاٹھمانڈو کا تریبھون بین الاقوامی ہوائی اڈہ 18 مئی تک روزانہ 7 گھنٹے بند رہے گا
کاٹھمانڈو، 21 اپریل (ہ س)۔ نیپال کے دارالحکومت کاٹھمانڈو میں واقع تریبھون بین الاقوامی ہوائی اڈہ (ٹی آئی اے) آج سے 18 مئی تک ہر رات سات گھنٹے کے لیے بند رہے گا۔ اس کا مقصد بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے کاموں کو تیز کرنا ہے۔
ہوائی اڈہ ٹرمینل مینجمنٹ ڈویژن کے سربراہ اندوراج ادھیکاری کے مطابق، تمام پروازوں کی آمد و رفت- بشمول ٹیک آف اور لینڈنگ- رات 11.45 بجے سے صبح 6.30 بجے تک معطل رہے گی، تاکہ پختہ کاری (پیومنٹ) کی تعمیر کا کام کیا جا سکے۔ اس وقت رن وے کے قریب ٹیکسی وے پر تعمیراتی کام چل رہا ہے اور حفاظتی وجوہات کی بنا پر ہی رات میں ہوائی اڈہ بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ہوائی اڈہ دفتر نے کہا ہے کہ یہ عارضی بندش جاری اپ گریڈیشن کے کاموں کو تیزی سے مکمل کرنے کے مقصد سے کی گئی ہے۔ ایئر لائنز سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس مدت کے دوران ہونے والی زحمت کو کم کرنے کے لیے اپنے پروازوں کے ٹائم ٹیبل میں ضروری تبدیلیاں کریں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن