
کولکاتا، 2 اپریل (ہ س)۔ مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کی سرگرمیاں نقطعہ عروج پر ہیں، بی جے پی لیڈر شوبھیندو ادھیکاری جو کہ بھوانی پور حلقہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدوارہیں، انہوں نے جمعرات کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی موجودگی میں اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے قبل ہاجرہ اروڈ سے ایک روڈ شو کا انعقاد کیا گیا جس میں پارٹی کے حامیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تاہم، تقریب کے دوران مرکزی وزیر داخلہ کی موجودگی کے باوجود، ایک سیکورٹی کوتاہی سامنے آئی ہے۔ روڈ شو کے دوران وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی رہائش گاہ کے قریب کالی گھاٹ علاقے میں بی جے پی اور ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے حامیوں کے درمیان نعرے بازی اور گرما گرم بحث کی صورت حال پیدا ہو گئی۔ اسی دوران ٹی ایم سی اور بی جے پی کارکنوں کے درمیان پار پیٹ بھی ہوئی۔ اس واقعہ میں بی جے پی کے کئی کارکن زخمی ہو گئے۔ اسے مغربی بنگال پولیس کی لاپرواہی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ یہ الزامات سامنے آئے ہیں کہ وزیر داخلہ کی موجودگی اور اس طرح کے گڑبڑ کے امکانات کے بارے میں انٹیلی جنس معلومات کی دستیابی کے باوجود، مناسب حفاظتی انتظامات نہیں کیے گئے تھے۔
بی جے پی نے الزام لگایا کہ ٹی ایم سی کے حامیوں کے حملے کے دوران اس کا ایک کارکن زخمی ہوا، اس کی آنکھ میں چوٹ آئی۔ سیکورٹی وجوہات کی بناء پر، روڈ شو کے دوران ایک موقع پر، امت شاہ کو سروے بھون پہنچانے کے لیے ایک مختلف گاڑی میں منتقل کیا گیا، جبکہ جلوس کا بقیہ حصہ پہلے سے طے شدہ راستے پر جاری رہا۔
تقریب کے دوران اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، امت شاہ نے بھوانی پور میں سیاسی تبدیلی کی ضرورت پر زور دیا اور ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ شوبھیندو ادھیکاری کی شاندار جیت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حلقہ ریاست بھر میں تبدیلی کا پیغام پہنچانے میں بہت اہمیت رکھتا ہے۔
امت شاہ نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ پارٹی کے امیدواروں کی حمایت میں مہم چلانے کے لیے انتخابی مدت کے دوران تقریباً 15 دن مغربی بنگال میں رہیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ بھوانی پور حلقہ سیاسی طور پر بہت اہم سمجھا جاتا ہے، کیونکہ یہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی اسمبلی سیٹ ہے۔ نتیجتاً اس حلقے میں انتخابی معرکے نے خاصی توجہ حاصل کر لی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد