
نئی دہلی، 18 اپریل (ہ س)۔
مرکزی کابینہ نے اتر پردیش اور آندھرا پردیش کے 15 اضلاع کا احاطہ کرنے والے دو ملٹی ٹریکنگ ریل پروجیکٹوں کو منظوری دی ہے، جو موجودہ ہندوستانی ریلوے نیٹ ورک میں تقریباً 601 کلومیٹر کا اضافہ کرتے ہیں۔ ان کی کل تخمینہ لاگت تقریباً 24,815 کروڑ روپے ہے۔
اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی وشنو نے ہفتہ کو ایک پریس کانفرنس میں کابینہ کے فیصلوں کا اشتراک کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں کابینہ کمیٹی برائے اقتصادی امور (سی سی ای اے) نے وزارت ریلوے کے دو اہم ملٹی ٹریکنگ پروجیکٹوں کو منظوری دی ہے۔ تقریباً 24,815 کروڑ روپے کی لاگت والے یہ پروجیکٹ اتر پردیش اور آندھرا پردیش کے 15 اضلاع میں ریل نیٹ ورک کو نمایاں طور پر وسعت دیں گے۔ یہ اقدام تقریباً 601 کلومیٹر کے راستے اور 1,317 کلومیٹر ٹریک کی لمبائی میں اضافہ کرے گا، جس سے ریل آپریشن تیز، محفوظ اور زیادہ قابل اعتماد ہو جائے گا۔
وشنو نے بتایا کہ تیسری اور چوتھی لائن (403 کلومیٹر) غازی آباد سے اتر پردیش کے سیتا پور تک بچھائی جائے گی، جس کی تخمینہ لاگت 14,926 کروڑ روپے ہے۔ یہ پروجیکٹ دہلی-گوہاٹی ہائی ڈینسیٹی نیٹ ورک کا ایک اہم حصہ ہے اور اس میں نئے اسٹیشنوں کی تعمیر بھی شامل ہوگی۔ یہ لائن ان علاقوں سے گزرے گی جہاں موجودہ ریل نیٹ ورک 168 فیصد بھیڑ تک پہنچ چکا ہے اور مستقبل میں اس کے 200 فیصد سے تجاوز کرنے کی امید ہے۔ یہ منصوبہ مال برداری کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کرے گا، جس سے کوئلہ، غذائی اجناس اور سٹیل جیسی اہم اشیاءکی نقل و حمل میں سہولت ہو گی۔ اس سے ہر سال لاجسٹک اخراجات میں ہزاروں کروڑ روپے کی بچت ہوگی اور لاکھوں افرادی دن کے روزگار پیدا ہوں گے۔آندھرا پردیش میں راجمندری (نیڈاداولو) اور وشاکھاپٹنم (دوواڈا) کے درمیان 198 کلومیٹر لمبی تیسری اور چوتھی ریلوے لائن کی تعمیر کے لیے منظوری دی گئی ہے، جس پر 9,889 کروڑ روپے کی لاگت کا تخمینہ ہے۔ یہ راستہ ملک کے مصروف ترین ریل راہداریوں میں سے ہے اور پہلے ہی 130 فیصد صلاحیت کے استعمال کو پہنچ چکا ہے۔ اس پروجیکٹ میں دریائے گوداوری پر 4.3 کلو میٹر طویل ریل پل، کئی بڑے اور چھوٹے پل، انڈر پاسز اور ایلیویٹڈ ٹریک شامل ہوں گے۔ اس سے مشرقی ساحل پر بڑی بندرگاہوں سے رابطے بہتر ہوں گے اور صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ یہ پروجیکٹ ہاوڑہ-چنئی ہائی ڈینسٹی کوریڈور کا ایک اہم حصہ ہے اور مشرقی ساحل پر بڑی بندرگاہوں کو بہتر کنیکٹیویٹی فراہم کرے گا۔
حکومت کے مطابق، یہ دونوں منصوبے مل کر کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں ہر سال اربوں کلو گرام کمی کریں گے، جس سے ماحولیاتی تحفظ میں مدد ملے گی۔ سڑک سے ریل تک مال کی منتقلی سے لاجسٹک اخراجات کم ہوں گے اور ملک کی توانائی کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔ مزید برآں، یہ منصوبے مذہبی اور سیاحتی مقامات تک رسائی کو آسان بنائیں گے، جس سے مقامی معیشت کو فروغ ملے گا۔حکومت نے واضح کیا کہ یہ پروجیکٹ پی ایم-گتی شکتی نیشنل ماسٹر پلان کے تحت تیار کیے جائیں گے، جس کا مقصد ملٹی موڈل کنیکٹیویٹی کو مضبوط کرنا ہے۔ مرکزی حکومت کا خیال ہے کہ بنیادی ڈھانچے میں اتنی بڑی سرمایہ کاری سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور ملک کو خود کفیل بنانے کی سمت میں اہم پیش رفت ہوگی۔حکومت کا کہنا ہے کہ یہ منصوبے مسافروں اور مال بردار ٹرین کی نقل و حرکت کو تیز کریں گے، رسد کے اخراجات کو کم کریں گے، صنعتی علاقوں کو بہتر ریل رابطہ فراہم کریں گے، اور نمایاں روزگار پیدا کریں گے اور کاربن کے اخراج کو کم کریں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan