
نئی دہلی، 17 اپریل (ہ س)۔ مرکزی حکومت نے پنجاب حکومت کی درخواست کا جواب دیتے ہوئے گندم کی خریداری کے قوانین میں فوری نرمی کی منظوری دے دی ہے۔ اس سے پنجاب اور چنڈی گڑھ میں غیر موسمی بارشوں اور ڑالہ باری سے متاثر کسانوں کو اہم راحت ملی ہے۔ یہ نرمی 2026-27 ربیع مارکیٹنگ سیزن (آر ایم ایس) کے آغاز سے لاگو ہوں گی۔ صارفین کے امور، خوراک اور عوامی تقسیم کے وزیر پرہلاد جوشی نے جمعہ کو بتایا کہ 9 اپریل کو پنجاب حکومت کی درخواست کے بعد، صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ٹیمیں 10 اپریل کو تمام اضلاع میں روانہ کی گئیں۔ زمینی رپورٹوں کی بنیاد پر، حکومت نے کسانوں کی مشکلات کو کم کرنے اور پریشانی کو روکنے کے لیے یہ قدم اٹھایا۔ پنجاب حکومت کے ایک سرکاری مراسلے کے مطابق، حکومت کی نرمی میں گندم کی خریداری کی حد 70 فیصد تک بڑھانا شامل ہے۔ سوکھے اور ٹوٹے ہوئے دانوں کی حد 6 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کر دی گئی ہے، اور خراب اور ہلکے نقصان والے اناج کی کل مقدار 6 فیصد سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔ استثنیٰ کے معیار کے تحت خریدی گئی گندم کو الگ سے ذخیرہ کیا جائے گا اور الگ سے حساب کتاب کیا جائے گا۔ اس گندم کی فروخت کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ پنجاب حکومت نے یہ بھی ہدایت کی کہ ا سٹوریج کے دوران معیار کی خرابی اور اس چھوٹ کے مالی اثرات کی ذمہ دار ریاستی حکومت ہوگی۔ قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت کا یہ فیصلہ منڈیوں میں گندم کی آسانی سے خریداری کو یقینی بنائے گا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی