
نئی دہلی، 13 اپریل (ہ س) وزیر اعظم نریندر مودی نے جلیانوالہ باغ قتل عام کے شہدا کو اس کی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہیدوں کی قربانی ملک کی ناقابل تسخیر عزیمت کی علامت ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے سنسکرت کا شبھاشت بھی شیئر کیا۔جس کے ذریعہ معاشرے میں خیر خواہ قوتوں کو مضبوط کرنے اور تقسیم اور نا انصاف پھیلانے والی قوتوں کی مخالفت کرنے کا پیغام دیاگیا ہے۔
مختلف زبانوں میں ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے شہیدوں کو سلام پیش کیا اور کہا کہ جلیانوالہ باغ کے بہادروں کی ہمت اور قربانی آنے والی نسلوں کو آزادی، انصاف اور وقار کی اقدار کی طرف راغب کرتی رہے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ غیر ملکی حکمرانی کی بربریت کے خلاف شہیدوں کی جدوجہد ملک کی ہر نسل کو تحریک دیتی رہے گی۔ انہوں نے تمام شہدا کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیر اعظم نے اس سبھاشت کا اشتراک کیا۔ جس کا مطلب ہے، اے محنت کش اور محنتی لوگ۔آپ ان عظیم اور خیر خواہ قوتوں کو بڑھائیں جو پوری دنیا کو برتر، مہذب اور ترقی یافتہ بناتی ہیں۔ اور معاشرے میں برائی، نا انصافی اور انتشار پھیلانے والی بری، تباہ کن اور دشمن قوتوں کو تباہ کریں۔
یاد رہے کہ 13 اپریل 1919 کو بیساکھی کے دن امرتسر کے جلیانوالہ باغ میں پرامن اجتماع کے لیے لوگوں کی ایک بڑی تعداد جمع ہوئی تھی۔ دریں اثنا، برطانوی افسر جنرل ڈائر کے حکم پر فوجیوں نے بغیر کسی انتباہ کے غیر مسلح ہجوم پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ باغ کا مرکزی دروازہ تنگ تھا، جس نے لوگوں کو باہر نکلنے سے روک دیا، اور بہت سے لوگوں نے گولیوں سے بچنے کے لیے کنویں میں چھلانگ لگا دی۔ خوفناک فائرنگ میں سیکڑوں افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی