
مہاراشٹر کابینہ کا بڑا فیصلہ، آشا بھوسلے میوزک اکیڈمی قائم ہوگی
ممبئی ، 13 اپریل (ہ س)۔ مہاراشٹر کابینہ نے معروف گلوکارہ آشا بھوسلے کی یاد میں ’’آشا بھوسلے میوزک اکیڈمی‘‘ قائم کرنے کا اہم فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ پیر کے روز وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کی صدارت میں ممبئی میں منعقدہ کابینہ اجلاس میں لیا گیا، جہاں مجموعی طور پر آٹھ اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
اجلاس کے آغاز میں وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور تمام کابینہ اراکین نے عظیم گلوکارہ آشا بھوسلے کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ آشا بھوسلے نے خود باندرا اور اندھیری کے درمیان میوزک اکیڈمی کے قیام کے لیے زمین فراہم کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی، جس کے پیش نظر اب ممبئی میں ان کے نام سے میوزک اکیڈمی قائم کی جائے گی۔ اس سلسلے میں انتظامیہ کو مناسب مقام کی نشاندہی کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائیک نے آشا بھوسلے کی یاد میں ایک یادگار (میموریل) تعمیر کرنے کی تجویز بھی پیش کی، جس پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ فی الحال حکومت اکیڈمی کے قیام پر توجہ مرکوز کر رہی ہے اور مستقبل میں یادگار کے حوالے سے بھی غور کیا جائے گا۔
کابینہ اجلاس میں دیگر اہم فیصلے بھی کیے گئے، جن میں سرکاری خدمات میں بھرتی کے عمل کو بہتر بنانے، کلگاؤں-بدلاپور میں منظور شدہ ترقیاتی منصوبے کے تحت اسٹیڈیم کے لیے مختص زمین میں تبدیلی، ممبئی میں اسکل ٹیک یونیورسٹی کے قیام، ساحلی اضلاع میں ماہی گیروں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے، اور ریاست میں میڈیکل تعلیم، نرسنگ سروس اور صحت خدمات کے نظام کو مزید مضبوط بنانے جیسے اقدامات شامل ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی موسیقی کی ممتاز گلوکارہ آشا بھوسلے کا انتقال اتوار کے روز ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں ہوا تھا۔ وہ 92 برس کی تھیں۔پیرکو 4 بجےممبئی میں ان کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے