
مدھیہ پردیش میں فلم شتک ٹیکس فری، وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے اعلان کیا
بھوپال، 03 مارچ (ہ س)۔ مدھیہ پردیش حکومت نے ہندی فلم ’شتک‘ کو ریاست میں ٹیکس فری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاست کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے منگل کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ فلم ملک کی خدمت اور اخلاق کا ایک مضبوط پیغام دیتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ فلم ’شتک‘ کو مکمل مدھیہ پردیش میں ٹیکس فری کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فلم ملک کی خدمت اور اس ثقافتی روایت کو موثر انداز میں پیش کرتی ہے، جسے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ نے دہائیوں سے آگے بڑھایا ہے۔ فلم یہ پیغام دیتی ہے کہ منظم سوچ، کردار اور خدمت کے جذبے سے ہی طاقتور اور خود کفیل ہندوستان کی تعمیر ممکن ہے۔
قابل ذکر ہے کہ فلم ’شتک‘ گزشتہ 20 فروری کو پورے ملک کے سنیما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے 100 سالہ سفر کو دکھایا گیا ہے۔ کہانی کا آغاز 1925 میں ناگپور میں ڈاکٹر کیشو بالی رام ہیڈگیوار کے ذریعے سنگھ کے قیام سے ہوتا ہے اور دکھایا گیا ہے کہ کس طرح ایک چھوٹے گروپ سے شروع ہونے والی تنظیم آج ایک عظیم شکل اختیار کر چکی ہے۔
فلم میں آر ایس ایس کے بانی ڈاکٹر ہیڈگیوار اور ان کے جانشین مادھو سداشیو گولوالکر (گرو جی) کی زندگی اور جدوجہد کو نمایاں طور پر دکھایا گیا ہے۔ ساتھ ہی تحریک آزادی میں سنگھ کا کردار، تقسیم کا دور، دادرا اور نگر حویلی کی آزادی، کشمیر کا مسئلہ اور 1975 کی ایمرجنسی کے دوران تنظیم کی جدوجہد کی بھی عکاسی کی گئی ہے۔
فلم کی ایک خاص خصوصیت یہ ہے کہ اس میں اے آئی (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) اور جدید گرافکس کی مدد سے ویر ساورکر، مہاتما گاندھی، سردار پٹیل اور نیتا جی سبھاش چندر بوس جیسی تاریخی شخصیتوں کو پردے پر زندہ کیا گیا ہے۔ فلم کی ہدایت کاری آشیش مال نے کی ہے اور پروڈکشن ویر کپور نے انجام دی ہے۔ فلم کی کہانی کو اداکار اجے دیوگن نے اپنی آواز دی ہے۔ وزیر اعلیٰ کے اس فیصلے کا ریاست میں بڑے پیمانے پر خیر مقدم کیا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن