
بالاگھاٹ، 29 مارچ (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے بالاگھاٹ ضلع میں ہفتہ کی دیر رات ایک دردناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ یہاں ایک چلتی کار بے قابو ہو کر گڑھے میں گر گئی، جس سے اس میں آگ لگ گئی۔ حادثے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد زندہ جل کر جاں بحق ہو گئے، جبکہ دو دیگر شدید طور پر جھلس گئے۔ معلومات کے مطابق، یہ واقعہ ہفتہ کی دیر رات 11 سے 12 بجے کے درمیان بیہر-ملاج کھنڈ روٹ پر کیولاری چوراہے کے پاس پیش آیا۔ سیتم کیلکر (30 سال) کی ملاج کھنڈ کے پونی میں گیراج کی دکان ہے۔ دو دن پہلے وہ اپنی اہلیہ سویتیا (28) اور بیٹے ابھی (3) کے ساتھ اپنے آبائی گاوں پونڈی گئے تھے۔ وہاں دو دن قیام کے بعد ہفتہ کی رات کھانا کھا کر اپنے والدین اور پڑوس کی بچی پوروی رہانگڈالے (8) کے ساتھ 6 افراد آلٹو کار میں سوار ہو کر پونی جا رہے تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ بیہر-ملاج کھنڈ روڈ میں کیولاری چوراہے کے پاس کار بے قابو ہو کر پلٹ گئی اور چھوٹے نالے میں جا گری، جس میں شدید آگ لگ گئی۔ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ کار میں سوار لوگوں کو باہر نکلنے کا موقع نہ مل سکا۔ حادثے میں نگارچی کیلکر (تقریباً 60 سال)، ان کی بہو سویتیا کیلکر اور تین سالہ پوتے ابھی کیلکر کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
کار چلا رہے سیتم کیلکر اور ان کی والدہ نانا بائی کیلکر شدید طور پر جھلس گئے ہیں۔ دونوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مہاراشٹر کے گوندیا ضلع کے اسپتال ریفر کیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ وہیں کار میں سوار 8 سالہ بچی پوروی رہانگڈالے محفوظ بچ گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور آگ پر قابو پایا، لیکن تب تک کار مکمل طور پر جل چکی تھی۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آدرش کانت شکلا نے بتایا کہ متوفیان کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بیہر اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ معاملے کی جانچ شروع کر دی گئی ہے۔ وہیں تھانہ انچارج جینت مرسکولے نے بتایا کہ یہ پٹرول کار تھی اور مکمل طور پر جل چکی ہے، اس لیے ابھی اس کا نمبر اور ماڈل بتا پانا ممکن نہیں ہے۔ ابتدائی جانچ میں گاڑی کے بے قابو ہونے کی وجہ سے حادثے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پولیس نے ڈرائیور کو جھپکی آنے کے امکان کا بھی اظہار کیا ہے، تاہم زخمیوں کے بیانات کے بعد ہی صورتحال واضح ہو سکے گی۔ اس حادثے کی وجہ سے پورے علاقے میں غم کا ماحول ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن