
علی گڑھ, 20 مارچ (ہ س)اتر پردیش ریاستی خواتین کمیشن کی چیئرپرسن ڈاکٹر ببیتا سنگھ چوہان نے وکاس بھون آڈیٹوریم میں چیترا نوراتری کے مقدس موقع پر کنیا پوجن، جنم اتسو، انّ پراشن، گود بھرائی، پوشن پوٹلی اور آیوشمان کارڈ تقسیم پروگرام کا انعقاد کیا، جس میں متعدد مستحقین کو فائدہ پہنچایا گیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کنیا پوجن کی روایت بھارتی ثقافت کی روح ہے۔ جس ماں کے آنگن میں بیٹی جنم لیتی ہے، وہ خود قابلِ احترام ہوتی ہے۔ آج کے پروگرام میں ماں اور بیٹی دونوں کا احترام کر کے معاشرے کو خواتین کی عزت و وقار کا پیغام دیا جا رہا ہے۔ بھارتی ثقافت میں بیان کردہ 16 سنسکار انسانی زندگی کو منظم اور باوقار بناتے ہیں، جن میں جنم اتسو پہلا سنسکار ہے۔ سنسکار اور ثقافت ہی قدیم بھارت کی پہچان ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت خواتین کو خود مختار، خود کفیل اور بااختیار بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ کنیا سمنگلا یوجنا، بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ، پردھان منتری ماترو وندنا یوجنا اور اجتماعی شادی اسکیم جیسی اسکیمیں خواتین اور بچیوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی لا رہی ہیں۔ آج ریاست محفوظ ہاتھوں میں ہے، طالبات بلا خوف تعلیم حاصل کر رہی ہیں اور خواتین اپنے فرائض بخوبی انجام دے رہی ہیں۔ڈاکٹر چوہان نے کہا کہ پہلے سنگین بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو نظر انداز کیا جاتا تھا، لیکن موجودہ حکومت میں تمام مریضوں کا مناسب علاج اور دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔ تپ دق (ٹی بی) کے مریضوں کو پوشن پوٹلی اور ڈی بی ٹی کے ذریعے براہ راست مالی مدد فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب بھی کم عمر لڑکیاں اپنی صحت کے تئیں بیدار نہیں ہیں۔ انہیں متوازن غذا، باقاعدہ طرزِ زندگی اور صحت کی جانچ پر توجہ دینی چاہیے۔ ساتھ ہی بچوں کو سوشل میڈیا کے منفی اثرات سے بچانے اور تعلیم، کھیل کود اور شخصیت کی نشوونما پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ خواتین اور بیٹیوں کا احترام، تحفظ اور بااختیار بنانا ہی ایک خوشحال اور مضبوط معاشرے کی بنیاد ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ