
جموں, 20 مارچ (ہ س)۔
جموں خطے کے مختلف علاقوں میں بھاری برفباری کے باعث ٹریفک نظام متاثر ہونے کے بعد بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) نے مغل روڈ اور بسوہلی-بنی-بھدرواہ سڑک پر برف ہٹانے کا عمل تیز کر دیا ہے۔حکام کے مطابق منگل کو ہونے والی شدید برفباری کے بعد مغل روڈ، جو ضلع پونچھ اور راجوری کو جنوبی کشمیر کے شوپیاں سے جوڑتی ہے، گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے بند کر دی گئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ پونچھ کے علاقے میں مغل روڈ پر برف ہٹانے کا کام جاری ہے اور بی آر او کی 79 آر سی سی ٹیم راستے کو جلد بحال کرنے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بی آر او کی 52 آر سی سی ٹیم نے ہیرپورہ سے پیر کی گلی تک سڑک کو صاف کر دیا ہے، تاہم جمعرات کی رات ہونے والی مزید برفباری نے کام کو مشکل بنا دیا۔
حکام نے مزید بتایا کہ پروجیکٹ ’سمپرک‘ کے تحت بی آر او کی بارڈر روڈز ٹاسک فورس نے مغل روڈ پر بھاری برف میں پھنسنے والی ایک ایس یو وی کو نکالنے کے لیے بھی آپریشن انجام دیا۔ادھر بسوہلی-بنی-بھدرواہ سڑک پر بھی برفباری کے باعث ٹریفک متاثر ہونے کے بعد صفائی کا عمل تیز کر دیا گیا ہے، جبکہ جمعرات کو یہاں تازہ برفباری بھی ریکارڈ کی گئی۔حکام کے مطابق ضلع ڈوڈہ گزشتہ دو دنوں سے بھاری برفباری کے سبب کٹھوعہ سے منقطع ہے اور سڑک کی بحالی کے لیے اضافی عملہ اور مشینری تعینات کی گئی ہے۔ریاسی ضلع میں ریاسی-مہور روڈ پر ملائی نالہ کے مقام پر بڑے لینڈ سلائیڈ کو صاف کرنے کا کام بھی جاری ہے۔ اس کے علاوہ ریاسی-ارناس-مہور سڑک پر چسانہ، ملائی نالہ اور کنسولی کے مقامات پر متعدد لینڈ سلائیڈز پیش آئے ہیں، جنہیں صاف کرنے کے لیے بی آر او کی ٹیمیں مسلسل کوششیں کر رہی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر