
آبنائے ہرمز میں تھائی جہاز پر حملے پر ہندوستان نے تشویش کا اظہار کیا
نئی دہلی، 12 مارچ (ہ س)۔ مغربی ایشیا میں جاری تنازعہ کے درمیان آبنائے ہرمز میں ایک تھائی جہاز پر ہوئے حملے کے حوالے سے ہندوستان نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران تجارتی جہازوں کو نشانہ بنایا جانا تشویشناک ہے اور اس سے بین الاقوامی سمندری سلامتی کو خطرہ لاحق ہوتا ہے۔
وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق 11 مارچ کو جس تھائی مال بردار جہاز ’’میوری ناری‘‘ پر حملہ ہوا، وہ ہندوستان میں گجرات کے کانڈلا بندرگاہ کی طرف آ رہا تھا۔ واقعے کے بعد ہندوستان صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔
حکومت نے کہا کہ عالمی تجارت اور توانائی کی فراہمی کے لیے اہم سمندری راستوں پر سیکورٹی کو یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے۔ ہندوستان نے خطے کے تمام فریقوں سے تحمل برتنے اور بین الاقوامی سمندری راستوں کی حفاظت برقرار رکھنے کی اپیل بھی کی ہے۔
آبنائے ہرمز دنیا کے مصروف ترین اور تزویراتی سمندری راستوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے، جہاں سے بڑی مقدار میں خام تیل اور دیگر تجارتی سامان کی آمد و رفت ہوتی ہے۔ مغربی ایشیا میں جاری فوجی تناو کی وجہ سے حالیہ دنوں میں اس راستے سے گزرنے والے جہازوں کی حفاظت سے متعلق خدشات بڑھ گئے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن