
ممبئی ، 10 مارچ (ہ س) مہاراشٹر اسمبلی میں عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں اٹھانے کے لیے ایک اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسپیکر راہل نارویکر نے اعلان کیا ہے کہ اب اسمبلی میں ہر روز پانچ لکشویدی نوٹس پیش کیے جائیں گے۔ یہ فیصلہ مختلف جماعتوں کے 170 اراکینِ اسمبلی کی جانب سے کی گئی درخواست کے بعد لیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد عوام سے متعلق اہم اور طویل عرصے سے زیر التوا مسائل کو ایوان میں زیادہ مؤثر طریقے سے پیش کرنا ہے۔
اس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے رکن اسمبلی وکرم پاچپوتے نے کہا کہ دیہی علاقوں کے مسائل اگرچہ چھوٹے دکھائی دیتے ہیں مگر وہ مقامی عوام کے لیے بہت اہم ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ایسے مسائل کو ایوان میں پیش کرنے کا بہتر موقع ملے گا اور امید ہے کہ انتظامیہ ان مسائل کو جلد حل کرنے کی سمت میں اقدامات کرے گی۔
ان کے مطابق پہلے لکشویدی نوٹس کی تعداد محدود ہونے کی وجہ سے کئی حلقوں کے عوامی مسائل اسمبلی میں پیش نہیں ہو پاتے تھے، لیکن اب اس فیصلے کے بعد عوامی نمائندوں کو اپنے حلقوں کے مسائل اٹھانے کا زیادہ موقع ملے گا۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے