
حیدرآباد، 22 فروری (ہ س)۔ حیدرآباد کے بنڈلہ گوڑہ جاگیر،سن سٹی علاقے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا،جہاں مبینہ طورپراکسپائرڈ انجکشن دیے جانے کے باعث 6 ماہ کے ایک معصوم شیرخواربچے کی موت ہوگئی۔ بچے کی شناخت رَامو کے طورپرکی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق رَاموکوتیزبخار ہونے پر اس کے والدین علاج کے لیے قریبی کریانس ہاسپٹل لے گئے تھے۔ اہلِ خانہ کا الزام ہے کہ ہاسپٹل میں موجود ڈاکٹروں نے بچے کومیعاد ختم شدہ دوائیں دیں۔ دوائیں دیے جانے کے کچھ ہی دیر بعد بچے کی طبیعت اچانک بگڑ گئی اور وہ دم توڑ گیا۔ متاثرہ خاندان نے الزام لگایا کہ یہ واقعہ ہاسپٹل کے ڈاکٹروں کی سنگین لاپرواہی کا نتیجہ ہے۔ افراد خاندان نے مطالبہ کیاہے کہ متعلقہ حکام اس معاملے کی فوری اور منصفانہ جانچ کریں اور قصوروارافراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔واقعے کے بعد مقامی لوگوں میں غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ مقامی افراد نے اسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹروں کی مبینہ لاپرواہی کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی، کیس درج کر لیا گیا ہے اور واقعے کی مکمل جانچ جاری ہے۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق