بلدیاتی انتخابات میں پورے تلنگانہ میں کانگریس کا پرچم لہرائے گا :مہیش کمارگوڑ
حیدرآباد، 12 ۔ جنوری (ہ س)۔ تلنگانہ کانگریس کے صدر مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ حالیہ پنچایت انتخابات میں نظام آباد ضلع نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور یہ ریاست کے ان پہلے پانچ اضلاع میں شامل ہے جہاں کانگریس نے سب سے زیادہ سرپنچ نشستوں پر کامیابی
بلدی انتخابات میں پورے تلنگانہ میں کانگریس کا پرچم لہرائے گا:مہیش کمارگوڑ


حیدرآباد، 12 ۔ جنوری (ہ س)۔ تلنگانہ کانگریس کے صدر مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ حالیہ پنچایت انتخابات میں نظام آباد ضلع نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور یہ ریاست کے ان پہلے پانچ اضلاع میں شامل ہے جہاں کانگریس نے سب سے زیادہ سرپنچ نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس اعتماد ظاہر کیا کہ آنے والے بلدی انتخابات میں نہ صرف نظام آباد بلکہ پورے تلنگانہ میں کانگریس کا پرچم لہرائے گا اور نظام آباد میونسپل کارپوریشن پر کانگریس قابض ہوگی۔

بی آر ایس پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس سالوں میں سماج کا ہر طبقہ امتیازی سلوک کا شکار رہا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سابق وزیر اعلیٰ کے چندرشیکھرراو ریاست کو قرضوں کی دلدل میں دھکیل کر خود فارم ہاؤس تک محدود ہو گئے ہیں تاہم وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی بصیرت افروز قیادت میں گزشتہ دو سالوں کے دوران ریاست تباہی کے سائے سے نکل کر ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ اور وزیر سریدھر بابو کے داوس دورہ اور گلوبل سمٹ کے ذریعہ ریاست میں لاکھوں کروڑوں کی سرمایہ کاری آئی ہے جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔مہیش کمار گوڑ نے عوامی فلاحی اسکیموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے لئے آرٹی سی بسوں میں مفت سفرکی سہولت، اندرماں ہاؤسنگ، سستے چاول کی فراہمی اور 80 فیصد عوام کو مفت بجلی کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مذہب اور بھگوان کے نام پر سیاست کرنا بی جے پی کا وطیرہ بن چکا ہے، عوام کو انہیں سبق سکھانا چاہیے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ فروری میں بلدی انتخابات ہونے کی توقع ہے اور پارٹی صرف ان ہی امیدواروں کو بی فارم دے گی جو مستقل طور پر عوام کے درمیان رہتے ہیں۔نظام آباد کی ترقی کے لئے 600 کروڑ روپے کی لاگت سے سڑکوں کی تعمیر اور تعلیمی اداروں کے قیام جیسے منصوبوں پر کام جاری ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق


 rajesh pande