جموں, 20 ستمبر (ہ س)۔ جموں کی خصوصی این آئی اے عدالت نے پہلگام دہشت گردانہ حملے میں پاکستانی دہشت گردوں کو پناہ دینے کے الزام میں گرفتار دو ملزمان کی تحقیقات اور عدالتی ریمانڈ کی مدت مزید 45 دن کے لیے بڑھا دی ہے۔
جج سندیپ گندوترا نے 18 ستمبر کو بائیسرن پہلگام کے رہائشی بشیر احمد اور بٹکوٹ پہلگام کے پرویز احمد کے خلاف شواہد، زیرِ التوا فارنسک و ڈی این اے رپورٹس اور تحقیقات کی پیش رفت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ سنایا۔
پراسیکیوشن کے مطابق ملزمان کی نشاندہی پر کمبل، چادریں اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے جنہیں ڈی این اے جانچ کے لیے بھیجا گیا ہے تاکہ انہیں مارے گئے دہشت گردوں سے ملایا جا سکے۔ اس کے علاوہ موبائل فونز سے پاکستانی نمبرز بھی برآمد ہوئے ہیں جن کی تفصیلات جانچنا باقی ہیں۔
این آئی اے کا دعویٰ ہے کہ دونوں ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے لشکر طیبہ سے وابستہ تین پاکستانی دہشت گردوں کو حملے سے قبل پہلگام کے ایک ڈھوک میں پناہ دی تھی۔
واضح رہے کہ 22 اپریل کو بائیسرن پہلگام میں ہوئے اس حملے میں 26 سیاح ہلاک اور 16 زخمی ہوئے تھے۔ ملزمان کو 22 جون کو گرفتار کیا گیا تھا اور وہ اس وقت جموں کی امفلا جیل میں عدالتی حراست میں ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر