نئی دہلی، 15 ستمبر (ہ س)۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دبئی میں بھارت کے ساتھ گروپ اے کے میچ کے ایک دن بعد ایشیا کپ 2025 سے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستان نے میچ کے بعد ریفری سے باضابطہ احتجاج درج کرایا کیونکہ کپتان سوریہ کمار یادیو کی قیادت میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے میچ کے بعد پاکستانی ٹیم سے مصافحہ کرنے سے انکار کر دیا۔ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ پی سی بی نے میچ ریفری کی جانب سے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ اور کرکٹ کی روح سے متعلق ایم سی سی کے قوانین کی خلاف ورزی کے حوالے سے آئی سی سی کو شکایت درج کرائی ہے۔ پی سی بی نے ایشیا کپ سے میچ ریفری کو فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستان نے یہ قدم زمبابوے کے اینڈی پائی کرافٹ کی جانب سے بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملانے کے بعد اس معاملے میں کوئی کارروائی نہ کرنے کے بعد اٹھایا ہے۔ پی سی بی نے قبل ازیں ایک بیان میں کہا تھا کہ ٹیم منیجر نوید چیمہ نے بھارتی کھلاڑیوں کے ہاتھ نہ ملانے کے رویے پر شدید احتجاج درج کرایا۔ اسے کھیل کی روح کے خلاف اور کھیل کے لیے نامناسب سمجھا گیا۔ احتجاج کے طور پر ہم نے اپنے کپتان کو میچ کے بعد کی تقریب میں نہیں بھیجا تھا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی