دہرادون، 5 اگست (ہ س)۔ اتراکھنڈ کے اترکاشی ضلع کے ہرشل علاقے کے دھرالی گاؤں میں منگل کو بادل پھٹنے کے بعد کھیر گنگا ندی میں اچانک سیلاب نے بھاری تباہی مچا دی ہے۔ علاقے میں 20 سے زائد ہوٹل اور ہوم اسٹے تباہ ہو گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے اب تک چار افراد کی ہلاکت اور متعدد افراد کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔ فوج، ایس ڈی آر، این ڈی آر ایف، ضلع انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ٹیمیں موقع پر راحت اور بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہیں۔
دھرالی گاؤں، جو گنگوتری سے پہلے ہرشل وادی سے دو کلومیٹر پر واقع ہے، جو اتراکھنڈ کے اترکاشی ضلع ہیڈکوارٹر سے تقریباً 87 کلومیٹر دور ہے، ایک خوبصورت سیاحتی مقام ہے۔ منگل کی دوپہر تقریباً 1:50 بجے پہاڑوں پر بادل پھٹنے کے بعد سیلابی پانی کے ساتھ ملبہ کھیر گڑھ ندی میں آگیا۔ چونکہ لنچ کا وقت تھا اس وقت ہوٹلوں میں مقامی لوگوں کے ساتھ سیاح بھی موجود تھے۔ جب ملبہ تقریباً 80 ڈگری کی ڈھلوان سے پانی کے ساتھ آیا تو لوگوں کی سمجھ میں آنے تک سب کچھ تباہ ہو چکا تھا۔
اترکاشی کے ضلع مجسٹریٹ پرشانت آریہ نے بتایا کہ دھرالی میں آفات سماوی میں اب تک چار لوگوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے، جب کہ کئی لوگوں کے ملبے تلے دبے اور لاپتہ ہونے کا خدشہ ہے۔ جائے حادثہ پر امدادی کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے دھرالی کے کئی ہوٹل، دکانیں اور بازار مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔ دکانیں اور ہوٹل ملبے سے بھرے پڑے ہیں۔ ملیٹری پولیس، ایس ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف موقع پر راحت اور بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے راحت اور بچاؤ کے کاموں کے لیے مرکزی حکومت سے دو ایم آئی اور ایک چنوک ہیلی کاپٹر مانگے ہیں۔
دریں اثنا، اتراکھنڈ اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بھاری بارش، بادل پھٹنے اور اترکاشی کے دھرالی میں ہونے والے واقعے کے بارے میں معلومات کے لیے ہیلپ لائن نمبر جاری کیے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر، ہریدوار نے ٹول فری نمبر 01374-222722، 7310913129، 7500737269، ٹول فری نمبر 1077 اور ای آر ایس ایس ٹول فری نمبر-112 جاری کیا ہے۔ اس کے علاوہ دہرادون کے ٹول فری نمبر 1070، ای آر ایس ایس ٹول فری نمبر 112 پر واقعہ میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد